کھیلوں کی خبریں

ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ ،پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7-0سے شکست دیدی،بھارت نے جاپان کو 5-1سے پچھاڑ دیا

asia-cup-pakistan-hockey-team-leaves-for-bangladesh-1507452578-2159

ابو بکر محمد نے ہیٹ ٹرک ،عماد شکیل ،ارسلان قادر نے دو، دو گول اسکور کیے،پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ (کل )جاپان کیخلاف کھیلے گی
ڈھاکہ(این این آئی)ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے میں 7-0سے شکست دے دی ، پاکستان کے ابو بکر محمد نے ہیٹ ٹرک اسکور کی ،بھارت نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی ۔ڈھاکہ کے مولانا بھاشانی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دسویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7-0سے شکست دے دی ہے۔میچ کے پہلے کوارٹر میں کوئی گول نہ ہوسکا، جبکہ دوسرے کوارٹر میں ابوبکر محمد نے پنالٹی کارنر پرگول اسکور کرکے پاکستان کو برتری دلائی۔ تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے مزید تین، تین گول اسکور کرکے 7-0سے میچ اپنے نام کرلیا ۔پاکستان کی جانب سے ابوبکر محمد نے ہیٹ ٹرک سمیت تین گول بنائے۔ عماد شکیل بٹ اور ارسلان قادر نے دو، دو گول اسکور کیے۔ پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ کل ( جمعہ )کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔پول اے کے میچ میں بھارت نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی ۔پول بی کا پہلا میچ (آج)جمعرات کوملائیشیاء اور چین کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ جنوبی کوریا کا مقابلہ اومان سے ہوگا۔