بین الاقوامی کاروباری خبریں

شہباز شریف کی چینی سرمایہ کاروں سے ملاقات

cheena

لاہور (مانیٹرنگ): وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے چین کی سرمایہ کارکمپنیوں کے سربراہوں کے وفد نے ملاقات کی اور توانائی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، رئیل اسٹیٹ اوردیگر شعبوں میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔
چینی وفد کی سربراہ چائنہ ہوارنگ انٹرنیشنل ہولڈنگز لمیٹڈ کی نائب صدر چینگ یان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں تین ارب ڈالر کے علاوہ بھی سرمایہ کاری کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی “پنجاب سپیڈ” کا تذکرہ چین میں ہر جگہ سنا ہے اوراب ہم اسی پنجاب سپیڈ سے متاثر ہوکر یہاں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے تیزی سے منصوبے مکمل کر کے “شینزن سپیڈ” کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، ہم “پنجاب سپیڈ” کی طرح صوبے میں تیزرفتاری سے سرمایہ کاری کریں گے ۔
چینی قونصل جنرل یوبورن نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت میں پنجاب حکومت نے سرمایہ کاروں کیلئے بہترین ماحول فراہم کیا ہے اورصوبے میں انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ اورتوانائی کے منصوبے برق رفتاری سے مکمل کیے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں دو برس سے یہاں لاہور میں متعین ہوں ، میں نے اپنی آنکھوں سے وزیراعلیٰ کی قیادت میں پنجاب حکومت کی تیزرفتار کامیابیاں دیکھی ہیں.
وزیراعلیٰ شہبازشریف نےاس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین کی دوستی پوری دنیا کے لئے ایک مثال بن چکی ہے اور سی پیک نے دونوں ملکوں کے معاشی تعلقات کو نئی وسعت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ چین کے صدراور وزیراعظم کا پاکستان کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے چینی سرمایہ کاروں اور پنجاب حکومت کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی چینی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کو عملی شکل دینے کیلئے چودہ روز میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔