لاہور کی خبریں پاکستان کی خبریں کھیلوں کی خبریں

نجم سیٹھی ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ مقرر

najamsethi

چیئر مین کرکٹ بورڈ سری لنکن کرکٹ بورڈ حکام سے الگ ملاقاتوں میں ٹیم 1، 2 میچز کے لیے پاکستان بھجوانے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کریں گے
لاہور: شہریار خان کی رخصتی کے ساتھ ہی ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت بھی نجم سیٹھی کو مل گئی۔ضابطے کے مطابق اس مسند پر 3سال کیلئے پاکستان کا حق ہے، موجودہ چیئرمین پی سی بی ہونے کے ناطے نجم سیٹھی اے سی سی کے صدر ہوں گے، اجلاس میں شرکت کے لیے وہ گزشتہ رات ہی کولمبو روانہ ہوگئے تھے، پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کی بھارت سے منتقلی کا خواہاں ہے، اس مسئلے پر بات چیت کے ساتھ نجم سیٹھی سری لنکن کرکٹ بورڈ حکام سے الگ ملاقاتوں میں ٹیم 1، 2 میچز کے لیے پاکستان بھجوانے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ماضی میں ذکاء اشرف سے طویل عدالتی محاذ آرائی پر سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں نجم سیٹھی کے پاس چیئرمین پی سی بی کا عہدہ چھوڑنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا، گورننگ بورڈ میں حکومت کی طرف سے نامزد کردہ رکن کے طور پر انھوں نے اختیارات کی حامل ایگزیکٹیو کمیٹی بناکر ایک طرح سے سربراہی ہی سنبھال لی، ان کا موقف ہے کہ شہریار خان کا بوجھ بانٹنے کیلئے یہ قدم اٹھایا تھا۔گزشتہ پریس کانفرنس میں نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ ایگزیکٹیو کمیٹی کی ضرورت نہیں رہی، سوال کیا گیا کہ گویا وزیر خارجہ بھی آپ ہیں، انھوں نے کہا کہ اب سب کچھ میں ہی ہوں۔یاد رہے کہ انھوں نے پی ایس ایل کو الگ کمپنی بنانے کا منصوبہ بھی بنایا تھا،اس کا مقصد یہ تھا کہ سیاسی مخالفت کی وجہ سے چیئرمین پی سی بی نہ بھی بن سکے تو کم ازکم لیگ کا اختیار پاس ہی رہے گا لیکن مطلع صاف ہوتے ہی یہ منصوبہ بھی ختم کردیا گیا، جواز یہ پیش کیا گیا کہ سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اعتراضات تھے۔