کاروباری خبریں

وانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے کوریا کی کمپنی اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں معاہدہ

توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے کوریا کی کمپنی اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں معاہدہ
کورین کمپنی ’’کوسٹان ہولڈنگز‘‘ نے باہمی تجارتی روابط میں اضافے اور استحکام کیلئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی بھی ظاہر کی
صحت کے شعبہ میں اصلاحات کیلئے گفتگو کی گئی، جلد پروجیکٹ پروپوزل پیش کریں تاکہ منصوبے پر عملی کام شروع کیا جائے، جہانزیب برانہ

لاہور ( ) کوریا کی ایک بڑی سرمایہ کار کمپنی ’’کوسٹان ہولڈنگز‘‘ نے پنجاب میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہارکیاہے۔ اس حوالے سے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت نے سہولت کاری کیلئے ’’کوسٹان ہولڈنگز‘‘ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے ہیں۔ کوریا کی معروف کمپنی کوسٹان ہولڈنگز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کِم کوانگ سوب اور نائب صدر بائک سُو کِل اور ہنّا ڈی لی نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کا خصوصی دورہ کیا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کورین کمپنی نے پنجاب میں اپنا اسمبلنگ یونٹ لگانے، گرڈ سٹیشنز تعمیر کرنے ، کوڑے سے توانائی پیدا کرنے اور ہسپتالوں میں طبی آلات کی فراہمی کے ذریعے صحت کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے تجارتی روابط میں اضافے اور استحکام کیلئے مشترکہ منصوبہ جات شروع کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ اس موقع پر پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے ڈائریکٹر پراجیکٹس ڈاکٹر سہیل سلیم نے کورین وفد کو بورڈ کے اغراض و مقاصد اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ کس طرح پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ کورین وفد نے بھی اس موقع پر اپنے خصوصی ایل ای ڈی موڈیول کے بارے میں شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بجلی کی 60 سے 70 فیصد تک بچت ہوتی ہے جبکہ اس کی تکنیکی زندگی بھی 75 ہزار گھنٹے سے زیادہ ہے اور اسکی 8 سے 10 سا ل کی گارنٹی بھی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ نے کورین وفد کے خیالات کو سراہا اور انہیں تجویز کیا کہ وہ اس حوالے سے پیش رفت کیلئے جلد از جلد پراجیکٹ پروپوزل پیش کریں تاکہ اس پر عملی کام کا آغاز کیا جا سکے۔ ملاقات کے اختتام پر پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور کوسٹان ہولڈنگز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔