غیر قانونی طور پر امریکہ پہنچنے والے بھارتی شہریوں میں اضافہ

امریکہ

واشنگٹن: امریکہ کی سرحدوں کے نگران ادارے کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (سی بی پی) نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخلے پر گرفتار کیے جانے والے بھارتی شہریوں کی تعداد میں رواں سال تین گنا اضافہ ہوا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سی بی پی نے کہا ہے کہ بھارتیوں کا شمار امریکہ میں غیر قانونی داخلے کی پاداش میں حراست میں لیے جانے والی چند بڑی قوموں میں ہونے لگا ہے۔سی بی پی کے ترجمان سیلواڈور زمورا نے بتایا ہے کہ بھارتیوں کی بڑی تعداد میکسیکو کے راستے امریکہ میں داخل ہو رہی ہے جو انسانی سمگلروں کو سرحد پار کرنے کے لیے 25 سے 50 ہزار ڈالر فی کس تک ادا کرتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق سرحد پار کرنے والے غیر قانونی تارکینِ وطن بھارتی باشندوں کی اکثریت اپنے آبائی ملک میں ناروا سلوک روا رکھے جانے کا دعویٰ کرکے امریکہ میں سیاسی پناہ کے حصول کی خواہش مند ہوتی ہے۔
تاہم ان میں سے بہت کم لوگوں کے دعوے درست ہوتے ہیں جب کہ اکثریت معاشی بنیادوں پر ہجرت کرنے والوں کی ہوتی ہے جو جھوٹے دعوے کرکے پناہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے بتایا ہے کہ سی بی پی کے اندازے کے مطابق 30 ستمبر کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے والے بھارتی شہریوں کی تعداد نو ہزار کے لگ بھگ رہی ۔ گزشتہ مالی سال کے دوران یہ تعداد 3162 تھی۔

Spread the love
  • 6
    Shares

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں