بنی گالا تجاوزات کیس: وزیراعظم کو فیس ادا کرکے اپنی پراپرٹی ریگولرائز کرانا ہوگی، چیف جسٹس

عمران خان

اسلام آباد: بنی گالہ میں تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سروے آف پاکستان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کر دی۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ جنہوں نے بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات کیں اُن سے جرمانے لیے جائیں اور اس سلسلے میں سب سے پہلے وزیراعظم عمران خان کو فیس ادا کرکے اپنی  پراپرٹی ریگولرائز کرانا ہوگی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بینچ نے بنی گالہ میں تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سروےآف پاکستان کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ سی ڈی اے، وفاقی محتسب اور سروے آف پاکستان کی رپورٹس یکساں ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ ‘ہم بوٹینیکل گارڈن کی چار دیواری بنا  رہے  ہیں، جس کی 613.49 کنال اراضی پر قبضہ ہے، اگر عدالت  حکم  دے  تو ناجائز قابضین  سے اراضی واگزار کرائی جائے’۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا مزید کہنا تھا کہ ‘کورنگ نالے میں اتنی گندگی ہے کہ پانی آگے نہیں جارہا’۔

بنی گالہ کے ایک رہائشی کے وکیل  لطیف  کھوسہ نے کہا کہ ‘جوڈیشل کالونی کا بھی کچھ حصہ بوٹینیکل گارڈن میں آرہا ہے، جسے جان بوجھ کر نظر انداز کر دیا گیا’۔ جس پر وزیراعظم عمران خان کے وکیل  بابر اعوان نے کہا کہ ‘جوڈیشل کالونی مری کے علاقے میں آتی ہے اور وہ بہت دور ہے’۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ‘تجاوزات کو کیسے ختم کیا جائے؟ جبکہ بنی گالہ میں تجاوزات کےعلاوہ  سکیورٹی اور آلودگی جیسے مسائل بھی ہیں’۔ ساتھ ہی چیف جسٹس نے کہا کہ ‘اب نئی حکومت آگئی ہے، ان معاملات کو حل کرے’۔
جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ ‘تجاوزات کی حد تک اس معاملے کو نمٹا دیتے ہیں کہ جنہوں نے غیر قانونی تعمیرات کیں، اُن سےجرمانے بھی لیے جائیں، حکومت اپنے جرمانے بھی ادا کرے اور دوسرے لوگوں سے بھی لے’۔
جسٹس ثاقب نثار نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا، ‘آپ حکومت میں ہیں بتائیں ریگولرائز کرنے کے لیے کیا کر رہے ہیں؟’
جس پر بابر اعوان نے جواب دیا کہ ‘یہ معاملہ کابینہ کے پاس ہے’۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس  دیئے کہ ‘عمران خان کو بھی پراپرٹی  ریگولرائز کرانا  پڑے گی، اگر ان کے گھر کی ریگولیشن  بھی نہیں  ہے تو وہ جرمانہ ادا کرکے کرالیں’۔
اس کے ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت جمعہ (5 اکتوبر) تک ملتوی کردی۔

Spread the love
  • 5
    Shares

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں