پنجاب بھر میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کا آغاز

تجاوزات کے خلاف آپریشن

پنجاب میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں غیر قانونی عمارتیں اور دکانیں مسمار کر دی گئیں، مزاحمت پر 2 دکانداروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں انتظامیہ کا گرینڈ آپریشن شروع ہوگیا، گوجرانوالہ میں ہونیوالے آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور ہائی وے کی مشترکہ ٹیموں نے حصہ لیا۔ چندا قلعہ بائی پاس کے قریب کرینوں کی مدد سے دکانوں اور عمارتوں کو مسمار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا پورے شہر میں گرینڈ آپریشن ہوگا۔

فیصل آباد میں تجاوزات کے خلاف انتظامیہ نے آپریشن کا آغاز کچہری بازار سے کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سمیت پولیس کی بھاری نفری کچہری بازار پہنچی جہاں انتظامی عملے نے تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا۔ عملہ سڑک پر رکھی تجاوزات کو قبضے میں لیکر ٹرک میں لوڈ کرتا رہا، تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دروان مزاحمت کرنے والے دکانداروں میں سے 3 کو کار سرکار میں مداخلت کرنے پر حراست میں لے لیا گیا۔

چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر نت کا کہنا تھا کہ بلا امتیاز کارروائی کا عمل جاری ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ کچہری اور جھنگ بازار میں آپریشن کے دوران دکانداروں کا کہنا تھا کہ پہلے عملہ منتھلی لیکر جاتا تھا اگر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے تو اسے انجام تک پہنچایا جانا چاہیئے۔ آپریشن کے دوران مزاحمت کرنے پر 3 دکاندار وں کو دھرلیا گیا۔

ملتان میں ضلعی انتظامیہ نے ممتازآباد، حرم گیٹ، خونی برج، گول مارکیٹ، حسین آگاہی اور گردیزی مارکیٹ کے گردونواح میں آپریشن کیا جس میں میونسپل کارپوریشن کے ساتھ سول ڈیفنس کے رضاکاروں نے بھی حصہ لیا اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے عملے نے کئی تجاوزات کو بلڈوز کرتے ہوئے درجنوں ریڑھیاں بھی تحویل میں لے لیں۔

تاجروں نے آپریشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے ضلعی انتظامیہ اور تاجروں کے درمیان شدید تلخ کلامی بھی ہوئی تاہم آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے پر تاجروں کے خلاف 3 مقدمات بھی درج کیے گئے جس پر تاجروں کا کہنا ہے کہ بغیر نوٹس کے کارروائی زیادتی ہے جس پر احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

لاہور میں تجاوزات کے خلاف کل آپریشن کیا جائے گا جس کی تیاریاں مکمل ہیں۔ آپریشن سے پہلے سرخ رنگ کے 2 ہزار سے زائد نشان لگا دیے گئے۔ پہلے روز سبزہ زار، انارکلی، ولنگٹن روڈ اور اُردو بازار میں آپریشن کیا جائے گا۔

Spread the love
  • 7
    Shares

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں