اسحاق ڈار کے اثاثے اور جائیداد نیلام کرنے کا حکم

اسحاق ڈار
loading...

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی قرق شدہ جائیداد کی نیلامی سے متعلق قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست منظور کرلی۔

احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر نے گزشتہ روز نیب کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست پر سماعت کی جس کے بعد اسحاق ڈار کی جائیداد کی نیلامی سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ فاضل جج محمد بشیر نے فیصلہ سناتے ہوئے نیب کی درخواست منظور کرلی۔
یاد رہے کہ 27 ستمبر کو نیب نے احتساب عدالت میں درخواست جمع کراتے ہوئے استدعا کی تھی کہ اسحاق ڈار مفرور ہیں ان کی پاکستان میں موجود تمام جائیدادیں فروخت کرنے کی اجازت دی جائے۔

28 ستمبر کو ہونے والی گزشتہ سماعت پر نیب نے اسحاق ڈار کی قرق شدہ جائیداد کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائیں جس کے مطابق سابق وزیرخزانہ کے دبئی میں 3 فلیٹس، گلبرگ لاہور میں ایک گھر اور اسلام آباد میں چار پلاٹس ہیں۔ نیب کے مطابق اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے پاس پاکستان میں 6 گاڑیاں ہیں جن میں لگژری گاڑیاں بھی شامل ہیں۔
نیب نے عدالت کو بتایا تھا کہ بیرون ملک تین کمپنیوں میں اسحاق ڈار شراکت دار بھی ہیں جب کہ میاں بیوی نے ہجویری ہولڈنگ کمپنی میں 34 لاکھ 53 ہزار کی سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر رکھا ہے جس میں انہیں مفرور قرار دیا جاچکا ہے۔
سابق وزیر خزانہ کو وطن واپس لانے کے لیے ایف آئی اے کی جانب سے ریڈ وارنٹ جاری کرتےہوئے انٹرپول کو بھی درخواست دی جاچکی ہے۔

Spread the love
  • 6
    Shares

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں