آئندہ چند ماہ میں عدلیہ یا عوامی فیصلے سے عثمان بزدار کی حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا، رانا مشہود

رانا مشہود

پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنماء رانا مشہود نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ 2 ماہ بہت اہم ہیں اور پنجاب میں ہماری حکومت ہوگی۔

اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں عدلیہ یا عوامی فیصلے سے عثمان بزدار کی حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا، اسی دوران ضمنی انتخابات بھی ہونے ہیں۔

رانا مشہود نے حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح تحریک انصاف کو اکثریت دی گئی یہ ساری دنیا کو پتہ ہے اور اب یہ سوچ پیدا ہو رہی ہے کہ یہ لوگ ڈلیور نہیں کر پائے اور یہ بھی احساس ہو رہا ہے کہ انتخابات میں جو ہوا غلط ہوا۔

رانا مشہود نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ انہیں سمجھ آگئی ہے کہ شہباز شریف ہی بہتر چوائس تھے۔ الیکشن میں جیتنے والی جماعت کو گھوڑا سمجھا گیا لیکن وہ خچر نکلی۔

رانا مشہود نے اداروں سے ڈیل سے متعلق اپنے حالیہ انٹرویو کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کسی ڈیل کی کوئی بات نہیں ہوئی۔ اداروں کے درمیان جو گفتگو ہوتی ہے اس کی بنیاد پر بات کر رہا ہوں کہ پنجاب میں ہماری حکومت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 ڈھائی ماہ بہت اہم ہیں اسی دوران ضمنی انتخابات بھی ہونے ہیں، عدالت یا عوام کے ذریعے موجودہ حکومت کا خاتمہ ہونا ہے۔

رانا مشہود نے تحریک انصاف کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ‘یہ لوگ جھوٹ بولتے رہے کہ ان کے پاس ماہر لوگ ہیں لیکن جہانگیر ترین کے لیے کھاد اور چینی کو مہنگا کر دیا گیا، پیٹرول و گیس بھی مہنگی کردی گئی۔’

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں آزاد امیدواروں سے جو وعدے کیے گئے وہ وفا نہیں ہوئے اور وہ اپنے حلقوں میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔

Spread the love
  • 5
    Shares

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں