رانا مشہود کے بیان کا مسلم لیگ سے کوئی تعلق نہیں، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب
loading...

پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے سابق صوبائی وزیر رانا مشہود کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔

اس سے پہلے رانا مشہود نے حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جس طرح پی ٹی آئی کو اکثریت دی گئی یہ ساری دنیا کو پتہ ہے اور اب یہ سوچ پیدا ہورہی ہے کہ یہ لوگ ڈلیور نہیں کر پائے اور یہ بھی احساس ہورہا ہے کہ انتخابات میں جو ہوا غلط ہوا۔

رانا مشہود نے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے پاس معمولی اکثریت ہے اور جن لوگوں نے اکثریت دی ان سے بات ہوتی رہتی ہے، وہ پرانے دوست اور ساتھی ہیں اور اب وہاں چینج آف ہارٹ دیکھنے میں آرہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ انہیں سمجھ آگئی ہے کہ شہباز شریف ہی بہتر چوائس تھے۔ الیکشن میں جیتنے والی جماعت کو گھوڑا سمجھا گیا لیکن وہ خچر نکلی۔

رانا مشہود کے مطابق آئندہ 2 ڈھائی ماہ بہت اہم ہیں اسی دوران ضمنی انتخابات بھی ہونے ہیں، عدالت یا عوام کے ذریعے موجودہ حکومت کا خاتمہ ہونا ہے۔

رانا مشہود کے بیان پر پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ رانا مشہود کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے جس کا مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ رانا مشہود کا بیان قابل حیرت اور باعث تعجب ہے اور ان سے بیان پر جواب طلب کیا جا رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے بھی ن لیگی رہنماء کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ رانا مشہود نے 2018ء کے الیکشن کو مشکوک بنانے کی کوشش کی اور وہ شہباز شریف کو ‘ٹارزن’ اور ‘سِکس ملین ڈالر مین’ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رانا مشہود شہبازشریف کے بل بوتے پر اسٹیبلشمنٹ کو بدنام کررہے ہیں جب کہ عوام نے ووٹ کی طاقت سے تحریک انصاف کو اقتدار پر فائز کیا ہے۔

Spread the love
  • 1
    Share

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں