جنسی ہراسانی کا الزام، نانا پاٹیکر نے تنوشری دتہ کو قانونی نوٹس بھیج دیا

نانا پاٹیکر

ممبئی: بالی ووڈ اداکار نانا پاٹیکر نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کرنے والی اداکارہ کو قانونی نوٹس ارسال کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کے وکیل رجنیدرا شروکر نے اداکارہ تنوشری دتہ کو جو قانونی نوٹس ارسال کیا اُس میں تمام الزامات کو مسترد اور اداکارہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

اداکار نے تنوشری سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کے سامنے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی بھی مانگیں۔ وکیل رجنیدرا شروکر کا کہنا ہے کہ اگر اداکارہ نے قانونی نوٹس کا جواب نہیں دیا تو اُن کے خلاف ہتک عزت کی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب تنوشری دتہ کا بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں نانا پاٹیکر کی جانب سے بھیجا جانے والا کوئی قانونی نوٹس موصول نہیں ہوا۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ قانونی نوٹس کے نام پر مجھے دھمکی اس لیے دی جارہی ہے کہ آئندہ کوئی بھی خاتون خوف کی وجہ سے اداکاروں کا گھناؤنا چہرہ عوام کے سامنے نہ لائے۔

تنوشر ی کا کہنا تھا کہ ’جس کو بھی جنسی ہراساں کیا گیا وہ اُس قسم کی بچکانہ چالوں سے خوفزدہ نہیں ہوگا کیونکہ اب سب کے سامنے بولنے کا وقت آگیا ہے، عوام بھی میرے ساتھ ہے‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں تنوشری نے الزام عائد کیا تھا کہ 2008 میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران نانا پاٹیکر نے انہیں ہراساں کیا اور سولو گانے پر زبردستی رقص میں اپنا نام بھی شامل کروایا۔

لیجنڈری اداکار نے ہراساں کرنے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ’تنوشری نے جو بات کی تو اُس وقت سیٹ پر مجھ سمیت 200 لوگ موجود تھے اور ایسے میں کوئی ہراساں کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا‘۔

Spread the love
  • 6
    Shares

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں