شہباز شریف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب
loading...

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے اور اس کے لیے نیب کو استعمال کیا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی گرفتاری پارلیمان کی بے عزتی اور ملک دشمنی ہے۔ گرفتاری سے قبل نہ کوئی وارنٹ دیا گیا اور نہ ہی کچھ بتایا گیا۔ شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں طلب  کیا گیا اور آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔ جب کہ آشیانہ ہاوسنگ اسکیم میں حکومت کا ایک روپیہ خرچ نہیں ہوا اور ناہی ایک انچ زمین دی گئی۔ یہ خالصتاً عوامی منصوبہ تھا۔ اس منصوبے میں کرپشن کی نشاندہی خود شہباز شریف نے کی تھی اور منصوبہ روک دیا گیا تھا۔

“سابق وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر اس منصوبے میں ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو میں خود گرفتاری دوں گا۔”

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری پر حکومتی وزراء نے بیان دیا کہ یہ پہلی گرفتاری ہے اور ابھی مزید گرفتاریاں ہوں گی۔ اس بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ صدر (ن) لیگ کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے اور اس کے لیے نیب کو استعمال کیا جارہا ہے۔

“حکومتی وزراء کے اس بیان پر کارروائی ہونی چاہیئے، انہوں نے نیب کی کارروائی پر مداخلت کی اور پیشگوئی کی ہے کہ مزید لوگوں کو بھی گرفتار کیا جائےگا۔”

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کو یہ تکلیف ہے کہ  شہباز شریف نے ناصرف پنجاب بلکہ  پورے پاکستان کی خدمت کی۔ 5000 میگا واٹ بجلی پیدا کی، پسماندہ علاقوں کو موٹروے سے جوڑا، سستا انصاف فراہم کیا، عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کیں اور دنیا بھر میں شہباز شریف کی حکومت کی کارکردگی کو سراہا جارہا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ مخالفین کو یہ بھی تکلیف ہے کہ مسلم لیگ ن میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنا اور نہ ہی ان کا ووٹر تقسیم ہوا۔ مسلم لیگ کی قیادت کے ساتھ یہ پہلی بار نہیں ہوا صرف تاریخ دہرائی جاری ہے۔ نئے نئے نامزد وزیراعظم جان لیں ہم آمر کے دور سے گزر چکے ہیں اور ثابت قدم رہے۔

“عام انتخابات سے قبل نواز شریف کو گرفتار کرنا اور اب ضمنی انتخابات سے قبل شہباز شریف کی گرفتاری الیکشن سے قبل دھاندلی ہے، حکومت اپنی واضح شکست دیکھ کر سیاسی انتقام پر اتر آئی ہے لیکن ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔”

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے 5 سال تک جو آگ لگائی اب اسی آگ اور کھڈوں میں ان کے اپنے لوگ گر رہے ہیں۔ جب سیاسی لوٹے شہباز شریف کا موازنہ عثمان بزدار سے کریں گے تو پنجاب کے ووٹرز آپ کے خلاف ہی حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

Spread the love
  • 2
    Shares

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں