ہم این آر او نہیں دے سکتے اور نہ ہی مقدمات سے ہٹیں گے، فواد چوہدری

فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم این آر او نہیں دے سکتے اور کوئی توقع نہیں کرے کہ ہم مقدمات روک لیں گے یا اس سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعظم کے دورۂ چین پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوا ، چین کے ساتھ تعلقات اہمیت کے حامل ہے

وزیراعظم کے دورے کو بہت اہمیت ملی ہے اور سعودی عرب کی طرح یہ دورہ بھی کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مقامی کرنسی میں تجارت کا فائدہ یہ ہے کہ ہمیں 15 بلین ڈالر کی تجارت پر ڈالر میں رقم دینا ہوتی تو ہمارے زرمباردلہ پر دباؤ آتا ہے

یوآن میں کاروبار کرنے سے ہمارے ڈالر کو کوریج ملے گی، یہ کرنسی سپورٹ کا حصہ ہے، چائنا کے اکنامک پیکج پر اسد عمر اور خسرو بختیار واپس آکر مزید تفصیلات بتائیں گے۔

فواد چوہدری  کا کہنا تھا کہ سی پیک کی ہم یہاں بھی تعریف کرتے ہیں اور چین میں بھی کی، ن لیگ والے ہر چیز اپنے خاندان پر لے جاتے ہیں، شکر ہے یہ نہیں کہاکہ میاں شریف کی وجہ سے چین سے تعلقات ہیں، ملکوں کے تعلقات شخصیات پر نہیں ہوتے۔

ایک دوسرے کے مفادات پر ہوتے ہیں، پاکستان کے عالمی برداری سے تعلقات گزشتہ دور حکومت سے زیادہ اچھے ہیں، مشرق وسطیٰ کے مسائل پر عمران خان بحیثیت وزیراعظم جو کردار ادا کر رہے ہیں یہ ایک تاریخی بات ہے، پاکستان کو اس پر فخر ہونا چاہیے۔

loading...

فواد چوہدری نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو کے دور میں پاکستان کا ایک عالمی مقام بنا تھا، بہت عرصے بعد عمران خان کی صورت میں ایسی لیڈر شپ ملی جس پر اسلامی دنیا کو اعتماد ہے، اسلامی دنیا اپنے مسائل کے حل کے لیے عمران خان کی طرف دیکھ رہی ہے۔

یمن کےمعاملے پر بات چیت آگے بڑھی ہے، فریقین کو شامل کیا ہے، اس حوالے سے مضبوط حکمت عملی سامنے آئے گی، مسلم امہ کے تنازعات کو ختم کرنا ہماری خارجہ پالیسی کا مقصد ہے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر ہمیں بہت بڑی سفارتی کامیابی ملی ہے، وزیراعظم عاشق رسولؐ ہیں، وہ مدینہ میں جوتوں کے ساتھ نہیں اترے، ہمیں کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔

ہمارا ماڈل مدینہ کی ریاست ہے، اقلیتوں اور شہریوں کو حقوق دیں گے، حکومت نے سب کو حکم دیا ہےکہ انہیں آج رات تک املاک کو نقصان پہنچانے والوں کی تفصیلات اور شرپسند عناصر کا تعین کرکے ڈیٹا دیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ دھرنوں کے دنوں میں اپوزیشن کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مظاہرین نے بچے کے پھل تک چوری کرلیے، اس سے مظاہرین کے اخلاقی زوال کا اندازہ لگا سکتے ہیں، خواتین کی بے حرمتی کی گئی اور گاڑیوں کو آگ لگائی گئی، ان لوگوں نے مذہب کا لبادہ اوڑھا، جن لوگوں کے ساتھ زیادتی ہوئی انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کا مداوا کریں گے۔

فواد چوہدری نے پاکستانی خلائی مشن پر بات کرتے ہوئے سیاستدانوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نےکہا کہ ہماری سیاست میں بھی کچھ لوگ ہیں جو زمین پر فساد پھیلا رہے ہیں انہیں خلا میں بھیج دیں اور واپسی کا راستہ نہ چھوڑیں تو ہماری بچت ہوجائے گی۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں