شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز عدالت پہنچ گئے

لاہور: نیب ٹیم آشیانہ ہاﺅسنگ سکینڈل میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ  پنجاب شہباز شریف کو لے کر احتساب عدالت روانہ ہو گئی، اس موقع پر احتساب عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہبازاورسلمان شہبازبھی احتساب عدالت پہنچ گئے،اس موقع پر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد احتساب عدالت کے باہر جمع ہے۔ لیگی کارکنوں کی جانب سے احتساب عدالت کے باہرنعرے بازی کی جا رہی ہے۔

حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے احتساب عدالت پہنچنے پر ان کی گاڑی کو جوڈیشل کمپلیکس میں جانے کی اجازت دی گئی جبکہ دیگر ارکان کی گاڑیوں کو باہر روک لیا گیا۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی گاڑی کو خصوصی طور پر جوڈیشل کمپلیکس لانے کی اجازت دی گئی جبکہ باقی کسی بھی لیگی رہنما کو اس حد تک آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

حمزہ شہباز احتساب عدالت پہنچے تو لیگی کارکنوں نے ان کی گاڑی کو روک لیا اور شدید نعرے بازی کی تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے ان کی گاڑی کو حصار میں لے کر احتساب عدالت جانے کی اجازت دے دی۔ احتساب عدالت پہنچنے والوں میں مریم اورنگزیب، خرم دستگیر، مجتبیٰ شجاع الرحمان، خواجہ احمد حسان، ملک احمد خان شامل ہیں۔

Spread the love
  • 1
    Share

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں