نواز شریف، مریم اور صفدر کی سزا معطلی کے خلاف ایپل پر سماعت آج ہوگی

نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کےخلاف اپیل کی سماعت آج ہوگی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بنچ نیب کی اپیل کی سماعت کرے گا،سپریم کورٹ نے نیب کی اپیل پر نواز شریف اور مریم نواز کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔

نیب نے 22 اکتوبر کو دائر کی گئی اپنی اپیل میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی تھی کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی سزائیں معطل کرنے کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کی جائیں۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 11، مریم کو 8 اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

تینوں ملزمان اڈیالہ جیل میں قید رہے جس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے 19 ستمبر کو احتساب عدالت کی جانب سے تینوں افراد کو دی گئی سزا معطل کی تھی جس کےخلاف نیب نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں