پاکستان سکھ یاتریوں کے لئے جلد کرتار سنگھ بارڈر کھول دے گا، فواد چوہدری

فواد چوہدری

اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان سکھ  یاتریوں کے لئے جلد کرتار سنگھ  بارڈر کھول دے گا، یاتری ویزے کے بغیر گردوارہ دربار صاحب کے درشن کرسکیں گے، خطے میں امن کے لیے بھارت سے بات چیت کےخواہشمند ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات  فواد چوہدری نے برطانوی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں تصدیق کی کہ پاکستان سکھ  یاتریوں کے لئے جلد کرتار سنگھ  بارڈر کھول دے گا، جس کے بعد یاتری ویزے کے بغیر گردوارہ دربار صاحب کے درشن کرسکیں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ امن کے لئے پاکستانی حکومت بھارت سے مذاکرات کی خواہشمند ہے، بھارتی حکومت کی جانب سےاس بارے میں مثبت اشارے نہیں ملے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ مودی نے پاکستان مخالف انتخابی مہم چلائی، بی جے پی پاکستان مخالف انتخابی مہم میں ہی پھنسی ہے۔

 بھارت سے مذاکرات کے لئے حکومت کو فوج کی حمایت حاصل ہے، عمران خان، آرمی چیف سمجھتے ہیں، ملک اکیلا ترقی نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ خطہ ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا، خطے میں امن نہیں ہوگا تو سب پیچھے رہ جائیں گے، ہم اداروں کے ساتھ ہیں اور ادارے ہمارے ساتھ ۔

پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا امریکا کی ماضی کی شکایت اب دور ہوچکی ہے، امریکا کو شکایت تھی، سیاسی قیادت الگ،عسکری قیادت الگ بات کرتی ہے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیوکی سربراہی میں وفد سے ملاقاتیں بہت خوشگوار ماحول میں ہوئیں، وزیراعظم نے مجھے خود بتایا کہ ماحول توقع کے بالکل برعکس تھا، ہماری اور امریکی وفد کی سوچ میں اتنا فرق نہیں تھا، جتنا پہلے لگ رہا تھا۔

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں