امریکہ افغانستان میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام، رپورٹ

امریکہ افغانستان

واشنگٹن کے معروف ریسرچ سینٹر کا کہنا ہے کہ امریکہ 17 سال طویل جنگ کے باوجود افغانستان میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہوگیا ہے۔

پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے کیے گئے سروے میں زیادہ تر افراد نے اپنی رائے دی ہے کہ امریکہ طالبان اور القاعدہ کے خلاف افغانستان میں جاری جنگ میں ناکامی سے دوچار ہوگیا ہے۔

گزشتہ ماہ 18 سے 24 ستمبر تک ہونے والے سروے میں 49 فیصد بالغ افراد کا کہنا ہے کہ امریکہ 17 سال گزرنے کے باوجود اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

سروے کے مطابق 35 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ امریکہ افغانستان میں کامیاب ہوگیا ہے، جبکہ 16 فیصد کا کہنا ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ امریکہ کو کامیابی ملی ہے یا ناکامی ملی ہے۔

اسی طرح 2009ء سے 2011ء کے درمیان جب سروے کیے گئے تھے اور لوگوں سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا امریکہ افغانستان میں کامیاب ہو جائے گا تو اکثریت کا ماننا تھا کہ اسے کامیابی مل جائے گی۔

تاہم جب یہ سروے 2014ء اور 2015ء کے درمیان کیا گیا تو اس کے نتائج مثبت سے زیادہ منفی میں تبدیل ہوچکے تھے۔

پیو ریسرچ سینٹر کے حالیہ سروے کے مطابق ریپبلکنز اس معاملے میں پُرامید نظر آتے ہیں جبکہ اس کے برعکس اور ڈیموکریٹس کو اس سے امیدیں کم ہیں۔

سروے کے مطابق 48 فیصد ریپبلکنز کا ماننا ہے کہ افغانستان میں امریکی مشن کامیابی سے ہمکنار ہوگا جبکہ صرف 28 فیصد ڈیموکریٹس اپنے حریفوں کا ساتھ دیتے نظر آتے ہیں۔

loading...

تین سال قبل باراک اوباما کے دورِ اقتدار میں جب یہ سروے کیا گیا تھا تو42  فیصد ڈیموکریٹس نے جنگ کی جیت کی امید کا اظہار کیا تھا جبکہ 29 فیصد ریپبلکنز ان کے حامی نظر آئے تھے۔

افغانستان میں امریکی فوجی مداخلت اس کی تاریخ کی سب سے لمبی جنگ بن گئی ہے، تاہم اسی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے امریکیوں کی آراء بھی ستمبر 2001ء کے حملوں کے بعد افغانستان پر امریکی حملے کے بارے میں تقسیم کا شکار ہیں۔

سروے کے مطابق 45 فیصد امریکی کہہ رہے ہیں کہ امریکہ نے دہشتگردوں کے خلاف لڑنے کے لیے افغانستان پر حملے کا جو فیصلہ کیا تھا وہ درست تھا لیکن حیران کن طور پر 39 فیصد امریکی مانتے ہیں کہ واشنگٹن اور پینٹاگون نے ایسا کرکے بہت بڑی غلطی کی ہے۔

ابتداء میں امریکیوں کی بڑی تعداد یہ مانتی تھی کہ واشنگٹن کا افغانستان پر چڑھائی کرنے کا فیصلہ درست تھا تاہم وقت کے ساتھ ساتھ یہ آراء منفی ہوتی چلی گئی۔

ریپبلکنز نے ڈیموکریٹس کے مقابلے میں مستقل مزاجی کے ساتھ امریکی مشن کو درست قرار دیا اور اس کی حمایت کی ہے جبکہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران اس میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔

تقریباً 66 فیصد ریپبلکنز اور 31 فیصد ڈیموکریٹس افغانستان میں طاقت کے استعمال کے حامی ہیں جبکہ 21 فیصد ریپبلکنز اور 53 فیصد ڈیموکریٹس اس کے مخالف ہیں۔

Spread the love
  • 1
    Share

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں