پہلی پاکستانی فلم ’’طیفا ان ٹربل ‘‘روس میں ریلیز ہونے کے لیے تیار

فلم

فلم میں اداکارہ مایا علی اورگلو کار علی ظفر کے علاوہ جاوید شیخ، فیصل قریشی اور محمود اسلم بھی شامل ہیں

کراچی : آنے والی ایکشن کامیڈی رومانٹک فلم ’‘طیفا ان ٹربل’‘ جہاں گلوکار و اداکار علی ظفر کی پہلی پاکستانی فلم ہوگی، وہیں اس فلم کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوگا کہ وہ پہلی پاکستانی فلم ہوگی جسے روس میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔اگرچہ فلموں کے حوالے سے روس پڑوسی ملک بھارت اور چین سے چھوٹی مارکیٹ ہے۔

تاہم اسے فلم کی مرکزی مارکیٹس کی اہمیت حاصل ہے۔پاکستانی فلموں کے علاوہ روس بھر میں بھارتی، چینی، ایرانی اور ہولی وڈ فلمیں ریلیز کی جاتی رہیں ہیں۔یہی نہیں بلکہ روس میں جرمن، فرینچ اور دیگر ممالک کی فلمیں بھی ریلیز ہوتی آئی ہیں۔

اگرچہ پاکستان اور روس کے ثقافتی تعلقات اتنے خراب بھی نہیں رہے، تاہم آج تک روس میں کسی پاکستانی فلم کو وہاں نمائش کا موقع نہ ملا، لیکن اب علی ظفر کی فلم ‘طیفا ان ٹربل’ کو وہاں ریلیز کیا جائے گا۔علی ظفر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی فلم کا روسی زبان میں جاری کیا گیا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی فلم وہ پہلی پاکستانی فلم ہوگی جسے روس میں ریلیز کیا جائے گا۔

انہوں نے ‘طیفا ان ٹربل’ کی روس میں نمائش کو پاکستان کے لیے فخر قرار دیتے ہوئے بتایا کہ فلم کو وہاں بھی رواں ماہ 20 جولائی کو ریلیز کیا جائے گا۔جہاں اس فلم کے ذریعے علی ظفر لولی وڈ ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں، وہیں اداکارہ مایا علی بھی اس فلم کے ذریعے ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں۔

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں