شادی کے پرپوزل کے لیے موت کا ڈرامہ کرنے والے کو کیا جواب ملا..

شادی

شادی اور شادی کے پرپوزل کو یادگار بنانے کے لیے لوگ بہت سی عجیب و غریب حرکتیں کرتے ہیں ۔

یہ عجیب و غریب حرکتیں بھی لوگوں کے دلوں میں خوشگوار احساس پیدا کرتی ہیں لیکن فلپائن سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے شادی کے پرپوزل کو دیکھ کر آپ کو یقیناً غصہ آئے گا۔

جنوبی کوتاباتو، فلپائن سے تعلق رکھنے والے ایک شخص، جسے مقامی میڈیا نے جیفرے ڈیلریو کےنام سے شناخت کیا ہے، نے اپنی دوست کو شادی کا پرپوزل دینے کے لیے موٹرسائیکل کے حادثے میں اپنی موت کا ڈراما کیا۔

جیفرے نے اس ڈرامے میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے مقامی پولیس کو بھی ساتھ ملا لیا۔ پچھلے ہفتے وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کلپ میں جیفرے کو سڑک پر بے حس و حرکت لیٹے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں زمین پر لیٹے جیفرے کے ساتھ ایک پولیس آفیسر بھی کھڑا ہے، جو ٹریفک کو دوسری طرف موڑ رہا ہے۔ اسی دوران ایک سکوٹر سوار ایک لڑکی کے ساتھ وہاں پہنچتا ہے۔

وہ لڑکی اسی وقت موٹرسائیکل کے ساتھ لیٹے اپنے دوست کی طرف بھاگتی ہے لیکن ایک پولیس آفیسر اسے روک لیتا ہے۔

لڑکی رو رہی ہوتی ہے کہ ایک پولیس والا اسے جیفرے کی شناخت کرنے کے لیے کہتا ہے، ایک تیسرا پولیس آفیسر جیفرے کو سیدھا کرتا ہے تو اس میں زندگی کے آثار نمودار ہوتے ہیں۔

اسی کے ساتھ جیفرے ایک چھوٹا باکس نکال کر اور گھٹنوں کے بل بیٹھ کر لڑکی کو شادی کا پرپوزل دیتا ہے۔ یہ دیکھ کر لڑکی اور زور سے رونے لگتی ہے لیکن اس بار اس کے آنسو خوشی کے ہوتے ہیں۔ اتنے خوفناک انداز میں پیش کیے گئے شادی کے اس پروپوزل کے باوجود لڑکی شادی کےلیے ہاں کر دیتی ہے۔

انٹرنیٹ صارفین کی اکثریت نے اس ویڈیو کو دیکھ کر تبصرہ کیا کہ اس لڑکی کی جگہ وہ ہوتے تو جیفرے سے تعلق ختم کر لیتے ۔ ایک صارف نے اس پر تبصرہ کیا کہ شادی کے پروپوزل اور موت کے ڈرامے کا تعلق اسے تو سمجھ نہیں آیا۔

2012 میں ایک روسی شخص نے بھی اسی انداز میں شادی کا پرپوزل پیش کیا تھا، اس کا مقصد یہ بتانا تھا کہ لڑکی کے بغیر اس کی زندگی خالی ہے۔ روسی لڑکی نے بھی بعد میں اس پروپوزل کو قبول کر لیا تھا۔

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں