الیکشن کمیشن کی جانب سے آئی جی پنجاب کی تبدیلی کا حکومتی فیصلہ معطل

آئی جی پنجاب

الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب طاہر خان کو ہٹا کر امجد جاوید سلیمی کو نیا آئی جی لگانے کا حکومتی فیصلہ معطل کردیا۔

عام اتنخابات 2018ء کے موقع پر چاروں صوبوں کے پولیس سربراہان کو تبدیل کیا گیا تھا جس کے تحت پنجاب میں خدمات انجام دینے والے گریڈ 22 کے افسر امجد جاوید سلیمی کو آئی جی سندھ تعینات کیا گیا تھا تاہم الیکشن کے بعد امجد جاوید کو ہٹا کر آئی جی پنجاب کلیم امام کو آئی جی سندھ تعینات کیا گیا۔

وفاقی حکومت نے پنجاب کے آئی جی پولیس طاہر خان کو ایک ماہ دو دن بعد ہی تبدیل کردیا اور ان کی جگہ سابق آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کو تعینات کیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

آئی جی پنجاب
امجد جاوید سلیمی کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن: فوٹو جیو نیوز

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت  کے اس فیصلے کو معطل کردیا ہے اور چیف الیکشن کمشنر جسٹس ر سردار رضا نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس طاہر خان کی تبدیلی کا نوٹس لے کر الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کا تبادلہ رکوانے کے لیے سیکرٹری اسٹیبشلمنٹ کو بھی خط لکھ دیا ہے۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ضمنی انتخاب کے باعث آئی جی کی تبدیلی نہیں ہوسکتی، آئی جی پنجاب کا تبادلہ کرکے الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی۔

الیکشن کمیشن سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے 2 روز میں وضاحت طلب کرلی۔

علاوہ ازیں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ آئی جی پنجاب طاہر خان کو حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہٹایا، آئی جی پنجاب سے ادارہ جاتی معاملات پر تساہل ہوا ہے، طاہر خان نے حکومتی ٹاسک کو پورا نہیں کیا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم نے بیوروکریسی کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ ہمیں صرف کام چاہیئے، موجودہ حکومت میں عہدے پر وہی رہے گا جو کام کرے گا۔

امجد جاوید سلیمی پولیس سروسز کے 14 ویں کامنتھ سے تعلق رکھتے ہیں۔

یکم نومبر 1986ء کو انہوں نے بطور اے ایس پی پولیس سروس جوائن کی، ان کی سب سے پہلی تعیناتی اے ایس پی اوگی ضلع مانسہرہ تھی۔

ایس پی کے طور پر انہوں نے اے آئی جی ٹریننگ اور گوجرانوالہ اور میانوالی کے ڈی پی اوز کے طور پر خدمات انجام دیں اور پھر اقوام متحدہ کے امن مشن پر بوسنیا میں ڈیڑھ سال تعینات رہے۔

اقوام متحدہ امن مشن سے واپسی پر ڈی پی او ساہیوال اور سیالکوٹ رہے جس کے بعد ان کی تعیناتی اسپیشل برانچ پنجاب میں ہوگئی۔

امجد جاوید سلیمی ڈی پی او جھنگ، اے آئی جی فنانس پنجاب، ڈی آئی جی ایلیٹ پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، آر پی او ساہیوال، آر پی او سرگودھا، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ، آر پی او ملتان اور ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ ہائی ویز رہے۔

امجد جاوید سلیمی کی تعیناتیوں کے دوران سیالکوٹ جیل میں 7 ججز کا قتل، لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملہ اور بادامی باغ میں مسیحی بستی جلانے کے واقعات بھی پیش آئے۔

Spread the love
  • 2
    Shares

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں