مالیاتی پیکج کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستانی وفد چین روانہ

چین

بیجنگ: وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے فالو اپ کے لیے چین سے مالی پیکج اور مارکیٹ رسائی سے متعلق امور کو حتمی شکل دینے کی غرض سے پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد چین پہنچ گیا۔

پاکستانی وفد میں گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ، سیکریٹری خزانہ عارف احمد خان، سیکریٹری منصوبہ بندی ظفر حسن اور سیکرٹری تجارت محمد یونس ڈاگھا شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد بیجنگ میں 4 روز قیام کے دوران مالی پیکج کے خدوخال طے کرے گا اور اس حوالے سے چینی حکام سے بات چیت شروع ہوگئی ہے۔

وفد چینی حکام کے ساتھ ممکنہ مالی پیکیج اور چین میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کے لیے مارکیٹ رسائی سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان 5 روزہ دورے پر یکم نومبر کو چین پہنچے تھے، وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد عمران خان کا چین کا یہ پہلا دورہ تھا۔

اس دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر اور وزیراعظم سے بھی ملاقات ہوئی جبکہ دونوں ملکوں کے مابین وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے دوران دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔

دوسری جانب وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران چین سے مالیاتی پیکج کی بات ہوئی اور امدادی پیکج پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘ہم چین سے تعلقات کو قرض یا امداد سے نکال کر تجارت پر لے جانا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے ہمارا سارا زور صنعت، تجارت اور زراعت کے شعبوں پر ہے’۔

Spread the love
  • 1
    Share

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں