نواز شریف اور مریم کی گرفتاری کیلئے 16 رکنی ٹیم تشکیل

نواز شریف
loading...

نواز شریف بحیثیت وزیراعظم جو ہیلی کاپٹر استعمال کرتے رہے وہی انہیں اڈیالہ لے جائیگا ،ذرائع

اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی کل وطن واپسی کے موقع پر گرفتاری کیلئے 16 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اس ٹیم کی سربراہی ڈائریکٹر قومی احتساب بیورو (نیب) امجد علی اولکھ کریں گے، ٹیم میں نیب کے 9 افسران اور باقی پولیس افسران شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق یہ ٹیم نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرے گی، ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم تمام کارروائی کی نگرانی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نیب آفس میں سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے دو ہیلی کاپٹرز کا انتظام کر لیا ہے اور کابینہ ڈویژن نے دو ہیلی کاپٹرز جمعہ کے روز نیب کو مختص کر دئیے ہیں ایک ہیلی کاپٹر لاہور اور دوسرا اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھڑا کیا جائے گا، کسی بھی ایئرپورٹ پر اترتے ہی نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ نیب نے ہیلی کاپٹرز کے لیے وزارت داخلہ کو درخواست کی تھی اور وزارت داخلہ کے پاس ہیلی کاپٹر نہ ہونے کے باعث کابینہ ڈویژن نے وزیر اعظم کے لیے مختص ہیلی کاپٹر دے دئیے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف بحیثیت وزیراعظم جو ہیلی کاپٹر استعمال کرتے رہے وہی انہیں اڈیالہ لے جائیگا۔

Comments

comments

مزید پڑھیں۔  سلمان خان اور پریانکا چوپڑا کے ساتھ کتر ینہ کیف جلوہ گر

اپنا تبصرہ بھیجیں