زینب زیادتی، قتل کیس: مجرم عمران کو 17 اکتوبر کو پھانسی دی جائے گی

زینب قتل کیس

لاہور: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے زینب زیادتی و قتل کیس کے مجرم عمران کے بلیک وارنٹ جاری کردیے۔

قصور کی 7 سالہ زینب کے اغواء، زیادتی اور بہیمانہ قتل کے مجرم عمران کو 17 اکتوبر کو پھانسی دی جائے گی۔

واضح رہے کہ مجرم عمران کو انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے 21 مرتبہ سزائے موت، عمر قید اور جرمانوں کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

رواں برس کے آغاز میں پنجاب کے ضلع قصور سے اغواء کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، جس کی لاش 9 جنوری کو ایک کچرا کنڈی سے ملی تھی۔

زینب کے قتل کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور قصور میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے جس کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق بھی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: زینب کا جنت سے اپنی ماں کو خط۔

بعدازاں چیف جسٹس پاکستان نے واقعے کا از خود نوٹس لیا اور پولیس کو جلد از جلد قاتل کی گرفتاری کا حکم دیا۔

23 جنوری کو پولیس نے زینب سمیت قصور کی 8 بچیوں سے زیادتی اور قتل میں ملوث ملزم عمران کی گرفتاری کا دعویٰ کیا۔

اگلے ہی ماہ یعنی 17 فروری کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قصور کی 7 سالہ زینب سے زیادتی و قتل کے مجرم عمران کو 4 بار سزائے موت سنا دی تھی جسے ملکی تاریخ کا تیز ترین ٹرائل قرار دیا گیا تھا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے مجرم عمران کو کُل 6 الزامات کے تحت سزائیں سنائی تھیں۔

مجرم عمران کو ننھی زینب کے اغوا، زیادتی اور قتل کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت 4، 4 مرتبہ سزائے موت سنائی گئی۔

دوسری جانب عمران کو زینب سے بدفعلی پر عمرقید اور 10 لاکھ روپے جرمانے جبکہ لاش کو گندگی کے ڈھیر پر پھینکنے پر7 سال قید اور 10 لاکھ جرمانےکی سزا بھی سنائی گئی تھی۔

Spread the love
  • 39
    Shares

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں