نوازشریف ٗمریم نواز اور کیپٹن صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت ٗ مزید دو گواہوں پر جرح مکمل ہوگئی ٗمزید تین گواہ طلب

loading...

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران استغاثہ کے مزید 2 گواہوں پر جرح مکمل ہوگئی ٗعدالت نے مزید سماعت 23 جنوری تک ملتوی کردی۔
منگل کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب کی جانب سے دائر 3 ریفرنسز کی سماعت کی ٗعدالت کے طلب کیے جانے پر 3 میں سے 2 گواہ بیان ریکارڈ کرانے پیش ہوئے۔ نواز شریف 13ویں مرتبہ ٗمریم نواز 15 اور کیپٹن (ر) صفدر 17ویں مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔سماعت شروع ہوئی تو فلیگ شپ ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ناصر جنجوعہ نے اپنا بیان قلمبند کرایا جن پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے جرح مکمل کی۔وکیل خواجہ حارث نے استغاثہ کے گواہ ناصر جنجوعہ سے سوال کیا کہ اگست 2017 میں آپ کیا کر رہے تھے جس پر انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب راولپنڈی تعینات تھا۔وکیل نے استفسار کیا کہ کیا آپ فلیگ شپ کی انکوائری میں شامل تھے جس پر انہوں نے بتایا کہ فلیگ شپ انکوائری میں شامل تھا، 21 اگست 2017 کو شہباز حیدر نے چوہدر شوگر ملز کا ریکارڈ فراہم کیا اور انوسٹی گیشن آفیسر نے بھی فلیگ شپ میں میرا بیان ریکارڈ کیا۔وکیل خواجہ حارث نے استفسار کیا کہ کیا اس کے علاوہ بھی کوئی کارروائی ہوئی جس پر گواہ ناصر جنجوعہ نے کہا کہ میرے سامنے مزید کوئی کارروائی ہوئی نہ ہی بیان ریکارڈ ہوا اور یہ ساری کارروائی 21 اگست 2017 کو ہوئی۔استغاثہ کے دوسرے گواہ عمر دراز گوندل نے بھی اپنا بیان قلمبند کرادیا جس پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے جرح بھی مکمل کرلی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 جنوری تک کے لئے ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کے مزید 3 گواہوں کو طلب کرلیا جن میں آفاق احمد، غلام مصطفی اور عزیر ریحان شامل ہیں۔ یاد رہے کہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی 23، فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی 20 اور ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی 19 سماعتیں ہو چکی ہیں۔سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہے۔نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا ہے۔العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔نواز شریف کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز اب تک عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے انہیں مفرور ملزم قرار دے کر ان کا کیس الگ کردیا تھا۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں