امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

وزیراعظم، کراچی

کراچی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن کا مستقل قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے کیوں کہ امن کے بغیر مستحکم معیشت کا ہدف پورا نہیں کیا جاسکتا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرِصدارت امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں گورنرسندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، کمانڈر 5 کور لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز، چیف سیکرٹری سندھ میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان، کمشنر کراچی محمد صالح فاروقی، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید، آئی جی سندھ کلیم امام، سیکرٹری داخلہ سندھ عبدالقادربلوچ اور دیگر سینئر حکام بھی شریک تھے۔

اجلاس میں صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی سندھ نے امن وامان کے حوالے سے بریفنگ دی اور ڈی جی رینجرز نے کراچی میں آپریشن سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی آپریشن سے جرائم میں 90  فیصد کمی آئی۔

loading...

اس موقع پر سندھ پولیس اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے اور یہ سب قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی وجہ سے ممکن ہوسکا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح امن کا مستقل قیام ہے کیوں کہ امن کے بغیر مستحکم معیشت کا ہدف پورا نہیں کیا جاسکتا، کراچی پاکستان کا معاشی دارالخلافہ ہے، حکومت امن وامان کے لئے صوبے کی معاونت جاری رکھے گی۔ وفاق، صوبائی اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کے درمیان بہتر رابطے ضروری ہیں۔ رابطوں سے ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتری ہوگی۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں