ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان کی برتری 281 رنز ہوگئی

ابوظہبی ٹیسٹ

ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کے 145 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا لیے ہیں اور اس طرح گرین کیپس کی مجموعی برتری 281 رنز ہو گئی ہے۔

شیخ زید اسٹیڈیم میں جاری میچ میں محمد عباس کی تباہ کن بولنگ کے باعث آسٹریلیا کی پوری ٹیم 145 پر ڈھیر ہو گئی اور اس طرح قومی ٹیم کو 137 رنز کی برتری ملی۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور محمد حفیظ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو حفیظ دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور 15 کے مجموعی اسکور پر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

دوسری وکٹ کے لیے فخر زمان اور اظہر علی کے درمیان 91 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور فخر زمان66  رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد حارث سہیل کریز پر آئے اور انہوں نے اظہر علی کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔

جب دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو اظہر علی 54 اور حارث سہیل 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

loading...

اس سے قبل آسٹریلوی اوپنر ایرون فنچ اور شان مارش نے 20 کے مجموعی اسکور سے دوسرے روز کھیل کا آغاز کیا تو فنچ 7 اور مارش صفر رنز پر کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے ٹیم کا مجموعہ 43 تک پہنچایا تو شان مارش محمد عباس کی گیند پر حارث سہیل کو کیچ دے بیٹھے، وہ 3 رنز بنا سکے جس کے بعد کینگروز بلے باز کا آنا جانا لگا رہا۔

ٹریوس ہیڈ 14 اور مچل مارش 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اوپننگ بلے باز ایرون فنچ 85 کے مجموعی اسکور پر سب سے زیادہ 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مچل اسٹارک 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ کپتان ٹم پین 3، مارنس لیبوشن 25 اور نیتھن لیون 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد عباس نے 5، بلال آصف نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی پوری ٹیم 282 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی جس کے بعد پہلے روز کھیل کے اختتام تک کینگروز نے 2 وکٹوں پر 20 رنز بنائے تھے۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں