تحریک آزادی کے راستے میں ہرقربانی دینے کے لیے تیار ہوں‘مسرت عالم

کشمیر

کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی‘انسانی حقوق کے ادارے مسرت عالم اور دیگر نظر بندوں کی رہائی کیلئے بھارت پردباؤ ڈالیں، شبیر ڈار

سرینگر:مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بندسینئر رہنما مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ بھارت غیر قانونی اور بلا جواز نظر بندیوں سے حریت رہنماؤں ، کارکنوں اور عام کشمیریوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کرسکتا اور وہ تحریک آزادی کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

 کشمیر میڈیاسروس کی معلومات کے مطابق مسرت عالم بٹ نے ان خیالات کا اظہار جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار کیساتھ سرینگر کے کوٹھی باغ تھانے میں بات چیت کے دوران کیا۔ مسرت عالم بٹ کو ایک جھوٹے مقدمے میں پیشی کے سلسلے میں جموں خطے کی کوٹ بھلوال جیل سے سرینگر لایا گیا تھا ،جس کے بعد انہیں واپس کوٹ بھلوال جیل منتقل کیا گیا۔ شبیر احمد ڈار مسرت عالم بٹ کے ساتھ ملاقات کے لیے کوٹھی باغ تھانے گئے تھے۔

مسرت عالم بٹ کا کہنا تھاکہ قابض انتظامیہ انہیں جھوٹے مقدمات میں مسلسل نظر بندرکھ کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے ۔ متواتر نظر بندی کے باوجود ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کے راستے میں ہرقربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے اتحاد و یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی اور وہ بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے۔ شبیر احمد ڈار نے اس موقع پر مسرت عالم بٹ کے عزم وہمت کو سراہتے ہوئے انکی مسلسل نظر بندی کو محض ایک انتقامی کارروائی قرار دیا۔

شبیر احمد ڈار نے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے آزادی پسند رہنماؤں کی آواز کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔ شبیر احمد ڈار نے اقوام متحدہ ، ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ہیومن رائٹس واز اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مسرت عالم بٹ اور غیر قانونی طور پر نظر بند دیگر کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔ جموں وکشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خودارادیت دیتے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔

loading...

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں