الیکشن 2018 ٗخیبرپختونخوا پولیس کو فنڈز کی عدم فراہمی کا سامنا

2013 کے انتخابات کے دواران حکومت نے صوبے بھر میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے 23 کروڑ 40 لاکھ روپے جاری کیے تھے

پشاور: عام انتخابات میں چند ہی روز باقی ہیں لیکن سیکیورٹی اعتبار سے ملک کے سب سے حساس ترین صوبے خیبر پختونخوا میں پولیس کو سیکیورٹی انتظامات کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی کا سامنا ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس کے اعلیٰ حکام نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ پولیس نے صوبائی حکومت کو 36 کروڑ 90 لاکھ روپے بجٹ کی تجویز جمع کرائی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے تجویز کردہ رقم کو کم کرتے ہوئے صرف 16 کروڑ 90 لاکھ روپے ہی جاری کرنے کی منظوری دی ہے، جو عام انتخابات کے لیے ناکافی ہے۔

پولیس حکام نے آگاہ کیا کہ تقریباً 52 ہزار پولیس اہلکار الیکشن کے روز اپنے فرائض انجام دیں گے، تاہم حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے فنڈ صوبے میں سیکیورٹی کے ضروری اقدامات کرنے، پولیس اہلکاروں کی آمد و رفت اور دیگر اخراجات میں خرچ ہونے ہیں۔حکام کے مطابق 2013 کے انتخابات کے دواران حکومت نے صوبے بھر میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے 23 کروڑ 40 لاکھ روپے جاری کیے تھے۔انہوں نے بتایا کہ اگر مطلوبہ فنڈز کا اجرا نہیں کیا گیا تو اس سے صوبے میں سیکیورٹی انتظامات متاثر ہوسکتے ہیں۔ادھر انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا پولیس محمد طاہر نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پولیس کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کو پہلے ہی نگراں حکومت کے سامنے اٹھایا جاچکا ہے، تاہم نگراں حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ پولیس کو الیکشن سے قبل بقیہ فنڈز بھی جاری کر دیں گے۔

مزید پڑھیں۔  پہلی سرکاری سطح پرمنعقدہ پرندوں کی نمائش 14 اپریل کو ہوگی

آئی جی خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کی پولیس نے انتخابات کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کر لیے ہیں، تاہم حالیہ دہشتگرد حملوں اور سیکیورٹی الرٹ کے بعد صوبے میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ترجیحی بنیادوں پر پولنگ اسٹیشنز کو تقسیم کردیا ہے اور اس کے حوالے سے سیکیورٹی کی تیاری بھی کرلی گئی ہے۔آئی جی خیبرپختونخوا کے مطابق 12 ہزار 69 پولنگ اسٹیشنز میں سے 3 ہزار ایک سو 74 پولنگ اسٹشنز کو انتہائی حساس، 4 ہزار 5 سو 39 کو حساس قرار دیا گیا ہے تاہم ان پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں