امریکہ کا سعودی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

امریکہ

واشنگٹن: سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں امریکہ نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خزانہ سٹیفن میوچن نے  کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ اور وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ  ہونے والی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ میں سعودی عرب میں آئندہ ہفتے ہونے والی کانفرنس میں شرکت نہیں کروں گا۔

امریکی میڈیا کے مطابق آئی ایم ایف چیف اور فرانسیسی وزیر بھی سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو اپنی طلاق کے کاغذات کی تصدیق کے لیے ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے گئے لیکن اس کے بعد لاپتہ ہو گئے۔

ترک پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ سعودی صحافی کو قتل کر دیا گیا ہے جب کہ سعودی حکام اس سے مسلسل انکاری ہیں۔

سعودی صحافی کی گمشدگی کے حوالے سے سعودی حکومت پر شدید دباؤ ہے اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی کہا تھا کہ اگر سعودی عرب اس واقعے میں ملوث نہیں تو صحافی کی قونصل خانے سے باہر نکلنے کی ویڈیو جاری کی جائے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر سعودی عرب صحافی کے قتل میں ملوث  ہے تو اس کے لیے سزا ناگزیر ہو گی۔

امریکہ اور برطانیہ نے اس بات کا عندیہ بھی دیا تھا کہ اگر سعودی عرب نے صحافی کی گمشدگی کے حوالے سے وضاحت نہ دی تو وہ سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔

Spread the love
  • 2
    Shares

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں