ابوظہبی ٹیسٹ: 176 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ

ابوظہبی ٹیسٹ

پاکستان کے تجربہ کار لیگ اسپنر یاسر شاہ اور حسن علی کی بہترین باؤلنگ کے باعث نیوزی لینڈ کی ٹیم سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دے دیا۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 56 رنز ایک کھلاڑی کے نقصان پر اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو 86 کے مجموعی اسکور پر کپتان کین ولیمسن یاسر شاہ کی شاندار لیگ بریک پر بولڈ ہوگئے۔

کریز پر نئے آنے والے تجربہ کار کھلاڑی روس ٹیلر 19 رنز بنانے کے بعد 105 کے مجموعی اسکور پر حسن علی کا شکار بنے تو 108 رنز کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے اسی اوور میں جیت راول کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا جنہوں نے 46 رنز اسکور کیے۔

108 رنز پر 4 وکٹیں گنوانے کے بعد کیوی بیٹسمین ہینری نکولس اور بی جے واٹلنگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور 200 رنز تک پہنچادیا جبکہ یاسر شاہ 220 کے مجموعے پر نیکولس کو کپتان سرفراز احمد کے ہاتھوں اسٹمپ کروا دیا۔

نیکولس نے 55 رنز بنائے تھے، گرینڈ ہوم آوٹ ہونے کے چھٹے بلے باز تھے جو صرف 3 رنز کا اضافہ کرپائے، 227 کے ہی اسکور پر یاسر شاہ نے ویگنر کو صفر پر آؤٹ کرکے کیوی ٹیم کو ایک اور نقصان سے دوچار کردیا۔

تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم یاسر شاہ اور حسن علی کے سامنے مزید مزاحمت نہیں کرسکی اور 249 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی اور مجموعی طور پر 175 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

یاسر شاہ اور حسن علی نے 5،5 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو جیت کے لیے ایک آسان ہدف ممکن بنایا۔

گزشتہ روز پاکستانی بلے بازوں کی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کے سبب پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھاری برتری کا نادر موقع گنوا دیا تھا اور نیوزی لینڈ نے میچ میں شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی تھی۔

پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کے 153 رنز کے اسکور کے مقابلے میں صرف 227 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئی تھی اور صرف 74 رنز کی برتری ہی حاصل کر پائی تھی۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں