زینب قتل کیس: مجرم عمران کی سزائے موت کیخلاف اپیل خارج

زینب قتل کیس

لاہور ہائیکورٹ میں 2رکنی بنچ نے سماعت کی‘ مجرم کے وکیل کو دلائل دینے کیلئے مہلت کی استدعا مسترد کر دی گئی
مجرم کو ڈی این اے میچ ہونے پر پکڑا گیا‘ تاریخ نہیں دینگے: جسٹس شہرام سرور‘ انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ برقرار

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے زینب قتل کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ بر قرار رکھتے ہوئے مجرم عمران کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کردی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شہرام سرور چوہدری پر مشتمل دو رکنی بنچ نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کی سزائے موت کے خلاف اپیل کی سماعت کی۔ دوران سماعت مجرم عمران کے وکیل نے دلائل دینے کیلئے مہلت کی استدعا کی تاہم جسٹس صداقت علی خان نے مہلت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ زینب کیس کی کارروائی میں تاریخ نہیں دیں گے۔ مجرم کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عمران اصل مجرم نہیں ،ٹرائل کورٹ نے عجلت میں فیصلہ سنایا جس پر جسٹس صداقت علی خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالتیں بروقت فیصلہ کریں تو آپ کواعتراض نہیں کرنا چاہیے۔جسٹس شہرام سرور نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ مجرم عمران کو ڈی این اے میچ ہونے پر پکڑا گیا، 1187 افراد میں صرف عمران کا ڈی این اے میچ ہوا۔عدالت کا کہنا تھا کہ مجرم عمران نے سزا میں کمی کی اپیل کی، آپ بریت کی بات کر رہے ہیں ؟ تفتیش میں ثابت ہو چکا ہے عمران ہی اصل مجرم ہے۔ عدالت نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کی سزائے موت کیخلاف اپیل خارج کر تے ہوئے انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ بر قرار رکھا۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں