پاکستان جنوبی ایشیا میں امریکہ کا اہم اتحادی ہے، پینٹاگون

واشنگٹن : امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکہ کے فوجی تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

تفصیلات کے مطابق پینٹاگون کے ڈائریکٹر آپریشنز پریس کرنل راب میننگ نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امریکہ کا اہم اتحادی ہے۔

کرنل راب میننگ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کے فوجی تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، خطے میں پاکستان اورامریکا کے مشترکہ مفادات ہیں۔

پینٹاگون کے ڈائریکٹر آپریشنزپریس کا مزید کہنا تھا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کی امداد اس لیے بند کی کیونکہ پاکستان نے ہمارے لیے کچھ نہیں کیا، امریکہ نے پاکستان کو سالانہ 1.3 بلین ڈالر کی امداد دی۔

بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر کے غلط بیانات زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں، امریکی جنگ کا خمیازہ مالی ومعاشی عدم استحکام کی شکل میں بھگتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کو تاریخی حقائق سے آگاہی درکار ہے، امریکی جنگ میں پہلے ہی کافی نقصان اُٹھا چکے ہیں، اب ہم وہی کریں گے جو ہمارے مفاد میں ہوگا۔

یاد رہے کہ رواں سال کے شروع میں بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دھمکی آمیز ٹویٹ میں کہا تھا کہ پاکستان امریکہ کو ہمیشہ دھوکا دیتا آیا ہے، پاکستان نے امداد کے بدلے امریکہ کو بے وقوف بنانے کے سوا کچھ نہیں کیا، مگر اب ایسا نہیں چلے گا۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں