اسلام آباد: ڈپلومیٹک انکلیو میں پولیس کو دھمکیاں دینے والی خاتون کی درخواست ضمانت مسترد

ضمانت مسترد

وفاقی دارالحکومت میں پولیس کو دھمکیاں دینے والی خاتون ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا گیا، ڈاکٹر شہلا کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں ان کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ایک روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔

اسلام آباد پولیس نے اے ایس آئی کو دھمکیاں دینے والی خاتون کو آج گرفتار کر لیا، ڈیوٹی مجسٹریٹ نے ان کا ایک روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا۔ خاتون ڈاکٹر کو گزشتہ روز ڈپلومیٹک انکلیو میں بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی میں داخلے سے روکا گیا تھا جس پر انھوں نے ڈیوٹی پر موجود اے ایس آئی سے بدتمیزی کی تھی۔

اسلام آباد پولیس نے ڈاکٹر شہلا کو شناخت کے بعد چکلالہ میں گھر سے گرفتار کر کے وومن تھانے منتقل کیا جس کے بعد ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کر دیا گیا۔ ملزمہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر شہلا دل کی مریضہ ہیں، دباؤ میں ذہنی حالت مفلوج ہو جاتی ہے، پولیس نے رہنمائی کی بجائے دباؤ کا ماحول بنا دیا۔

جج عدنان رشید نے حکم دیا کہ تفتیشی افسر ملزمہ کا طبی معائنہ کرائیں، معائنے کے بعد ڈاکٹر تجویز کرتے ہیں توہسپتال میں داخل کرا دیں، صحت مند قرار دیا جائے تو جیل بھجوا دیں۔

دوران سماعت معزز جج نے پولیس کے ہدایت دی کہ وکیل صفائی کو واقعے کی ویڈیو کلپ دکھائیں۔ بعدازاں عدالت نے ڈاکٹر شہلا کی درخواست ضمانت مسترد کر دی اور ایک روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا۔

 قبل ازیں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد پولیس کو واقعے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں ہر کوئی قانون کے تابع ہے اور حکومت فرض شناسی سے اپنا کام سر انجام دینے والوں کے ساتھ ہے۔ یاد رہے خاتون ڈاکٹر کے خلاف گزشتہ روز پولیس اہلکاروں کےلیے نازیبا الفاظ استعمال کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

Spread the love
  • 8
    Shares

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں