اظہرعلی کی انگلش ٹیم کیلئے جارحانہ حکمت عملی کی وارننگ

اظہرعلی

کراچی:قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر اظہرعلی نے انگلش ٹیم کیلئے جارحانہ حکمت عملی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ میزبانوں کیلئے ہوم کراؤڈ اور گراؤنڈ کے باوجود گرین شرٹس کو زیرکرنا آسان نہیں ہوگا۔

اظہرعلی کے مطابق باؤلنگ اٹیک کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حریف کی بیس وکٹیں گرا کر انہیں گھٹنوں کے بل پر لانے کی کوشش کرے جس کیلئے پاکستانی ٹیم میں پانچ سپیشلسٹ باؤلرز شامل کئے جائیں گے۔ اظہرعلی کا کہنا تھا کہ اچھے باؤلرز گرمیوں کی ابتدائی کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں اور پاکستان کے پاس موثر پیسرز کی کمی نہیں جبکہ انہیں اس بات کا بھی علم ہے کہ اگر انگلینڈ کیخلاف کامیابی درکار ہے تو اٹیکنگ کرکٹ کھیلنی ہو گی۔ قومی اوپننگ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ کیلئے اچھی تیاری کرلی ہے جو میدان میں بھی دکھائی دے گی اور اگرچہ انگلش ٹیم اپنے ماحول میں سخت جان حریف ثابت ہوتی ہے لیکن پاکستانی کھلاڑی متحد ہو کر سو فیصد کارکردگی کے ساتھ میزبان ٹیم کو دباؤ میں لا سکتے ہیں۔

اظہرعلی کا کہنا تھا کہ کرکٹ ٹیم گیم ہے جس میں سب کو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے اور بطور سینئر کرکٹر ان کی ذمہ داری یہ ہو گی کہ آنے والے بیٹسمینوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم تیار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ میں کھیلنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا کیونکہ یہاں کی کنڈیشنزبرصغیر کی ٹیموں کیلئے کافی مشکل ہوتی ہیں لیکن پاکستانی پلیئرز اس چیلنج کیلئے تیار ہیں خاص کر نوجوان کھلاڑیوں کیلئے خود کو منوانے کا یہ ایک بہترین موقع ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیں۔  کراچی میں نقیب اللہ محسودکی 'پولیس مقابلے' میں ہلاکت ٗچیف جسٹس نے ازخود نوٹس لے لیا
Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں