عمران خان کی صورت میں پاکستانی قوم کوبہترین لیڈر ملا ہے : پرویز خٹک

پی ٹی آئی میں دوسری جماعتوں سے لوگوں کی جوق در جوق شمولیت عوام کا عمران خان پر اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے‘ نوشہرہ میں شمولیتی جلسے سے خطاب
پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ترقیافتہ ممالک میں رشوت، کرپشن اور منافقت کی سیاست نہیں چلتی مگر ہمارے روایتی حکمرانوں نے ان برائیوں کو اپنی سرپرستی میں فروغ دیا اورملک و قوم کی جڑوں کو کھوکھلا کیا ۔ پاکستان کو درپیش خطرات اور چیلنجوں سے نمٹنے اور دیگر قومی مسائل کا حل صرف ایماندار قیادت سے ممکن ہے ۔اب تک اس ملک کو چور اور ڈاکولوٹتے رہے جس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑا۔ عمران خان کی صورت میں پاکستانی قوم کوبہترین لیڈر ملا ہے اگلے عام انتخابات میں عمران خان کو وزیراعظم منتخب کرنے کا سنہری موقع ہے کیونکہ وہ ملک کے مسائل حل کرنے اور چوروں اور لٹیروں سے نمٹنے کے علاوہ لوٹا ہوا خزانہ واپس لانے کی بھرپور صلاحیت ر کھتے ہیں ۔قوم یہ موقع ضائع نہ ہونے دے ۔ اب تک یہاں چند ڈاکوؤں کا راج رہا جو عوام کو سبز باغ دکھا کر حکمران بننے اور قومی خزانہ لوٹنے کے ماہر بن چکے ہیں مگر اب تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے پی ٹی آئی میں دوسری جماعتوں سے لوگوں کی جوق در جوق شمولیت عوام کا عمران خان پر اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کی یونین کونسل خٹ کلے کے علاقہ مسلم ٹاؤن میں پی ٹی آئی یوتھ تنظیم کے زیر اہتمام شمولیتی جلسے، مصری بانڈہ کے علاقہ اسلام آباد کورونہ میں عوامی اجتماع اور گاؤں اسماعیل خیل میں حجرہ شیر احمد پر عشائیہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مسلم آباد میں نو تعمیر شدہ سڑک کا افتتاح بھی کیا جبکہ ان علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کی منظوری دی ۔جلسے میں 52 سرگرم سیاسی کارکنوں نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان کیا اور پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت کے علاوہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جبکہ پارٹی کاز کیلئے ہر قربانی دینے کا عزم دہرایا۔ان مواقع پر صوبائی وزیر میاں جمشیدالدین کاکا خیل، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خٹک، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک ، تحصیل ناظم احد خٹک، اسحاق خٹک ، پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں اور عمائدین علاقہ نے بھی خطاب کیا

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں