چینی قونصل خانے پرحملے کی کوشش ناکام، 2 پولیس اہلکار شہید ، 3 دہشت گرد ہلاک

قونصل خانے

کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا، دوسری جانب  3 حملہ آور بھی مارے گئے، جن کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق قونصل خانے کا تمام چینی عملہ بالکل محفوظ ہے اور صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب 3 سے 4 دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم گارڈز کے روکنے پر انہوں نے فائرنگ کردی، جس پر قونصلیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈز نے بھی جوابی فائرنگ کی، اس دوران دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے تصدیق کی کہ ملزمان کی جانب سے کیے گئے ابتدائی حملے میں قونصلیٹ پر تعینات 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کرلیا۔ دوسری جانب تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرکے قونصلیٹ کی طرف جانے والی ٹریفک روک دی گئی۔

ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ کی سربراہی میں پولیس کی ایک ایڈوانسڈ پارٹی قونصلیٹ میں داخل ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ چینی قونصل خانہ سی ویو سے کچھ دور کلفٹن بلاک 4 میں واقع ہے، جہاں غیر ملکی قونصل خانوں سمیت ہائی پروفائل دفاتر واقع ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چینی قونصل خانے پر حملے کا نوٹس لے کر ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

 
Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں