سکیورٹی اداروں نے آج کراچی کو بڑی سازش سے بچالیا، فواد چوہدری

فواد چوہدری
loading...

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ سکیورٹی اداروں نے آج کراچی کو ایک بڑی سازش سے بچا لیا، چینی قونصل خانے کے تمام اہلکار محفوظ ہیں، سازش کی تہہ تک پہنچیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری  نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرچینی قونصل خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا سکیورٹی اداروں نے آج کراچی کو ایک بڑی سازش سے بچا لیا، تمام تین دہشت گردوں کو ہلاک ہوچکے ہیں، اس آپریشن میں پولیس کے دو اہلکاروں نے خون کا نذرانہ پیش کیا۔

فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ چینی قونصل خانے کے تمام اہلکار محفوظ ہیں اور صورتحال پولیس اوررینجرز کے مکمل کنٹرول میں ہیں، سازش کی تہہ تک پہنچیں گے۔

یاد رہے دہشت گردوں نے آج صبح سوا نو بجے کے قریب کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، ذرائع کے مطابق تین سے چار حملہ آور سفید کار چینی قونصلیٹ  کے قریب پہنچے اور قونصل خانے کے دروازے پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

بہادراہلکاروں نے مقابلہ کیا جس پر دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملہ کردیا، جس میں دو اہلکار شہید ہوگئے، جس کے بعد دہشت گرد قونصل خانے کے احاطے میں داخل ہوئے اور ویزا سیکشن کی طرف بڑھنے کی کوشش کی، یہاں بھی اہلکار موجود تھا، جس نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ۔

فورسز کے فوری ایکشن کی وجہ سے دہشت گرد احاطے ہی میں محصور رہے اور عمارت کے اندر داخل نہیں ہوسکے ، کارروائی کے دوران تین دہشت گرد باہراحاطے ہی میں مارے گئے، جن سے بھاری اسلحہ اور خود کش جیکٹ برآمد ہوئے۔

دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اورتمام عملہ محفوظ رہا۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں