عمران خان کا زینب قتل اور قصور ویڈیو اسکینڈل کی جامع تحقیقات کا مطالبہ

عمران خان

 زینب کے قاتل محمد عمران کے بے شمار بینک اکاؤنٹس کی خبروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ طاقتور لوگ گھناؤنے کھیل میں ملوث ہیں ٗ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان

رانا ثناء اللہ نے قصور ویڈیو اسکینڈل کیس میں بے شرمی کا مظاہرہ کیا اور اسے زمین کا جھگڑا قرار دے کر بند کرا دیا تھا ٗٹوئٹ

loading...

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ زینب کے قاتل محمد عمران کے بے شمار بینک اکاؤنٹس کی خبروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ طاقتور لوگ اس گھناؤنے کھیل میں ملوث ہیں۔عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ زینب کے قاتل کی گرفتاری کے بعد بچوں کے ساتھ زیادتی میں مضبوط اور منظم گروہ کے آثار مل رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ملزم کے متعدد بینک اکاؤنٹس سے متعلق خبریں منظر عام پر آنے کے بعد یہ چیز واضح ہوتی ہے کہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں طاقتور لوگ ملوث ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے قصور ویڈیو اسکینڈل کیس میں بے شرمی کا مظاہرہ کیا اور اسے زمین کا جھگڑا قرار دے کر بند کرا دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ ایک مضبوط جے آئی ٹی زینب قتل کے ملزم کی گرفتاری کے بعد سامنے آنے والے انکشافات کے ساتھ قصور کے ویڈیو اسکینڈل کی بھی تحقیقات کرے۔عمران خان نے کہا کہ جس طرح سے ملزم محمد عمران کے بینک اکاؤنٹس کے حوالے سے تضاد پیدا کیا جا رہا ہے وہ بہت ہی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ہمیں سنسنی خیزی پھیلانے سے باز رہتے ہوئے معتبر جے آئی ٹی کی تشکیل کیلئے دباؤ ڈالنا چاہیے تاکہ ننھی زینب اور قصور کے دیگر بچوں کے ساتھ پیش آنے والے اندوہناک واقعات کی تحقیقات ہو سکے۔عمران خان نے کہا کہ ضرورت ہے کہ ہم سنسنی سے گریز کرتے ہوئے ایک بااختیار جے آئی ٹی بنانے کے لیے دبا بڑھائیں تاکہ زینب اور قصور کے دیگر بچوں کے ساتھ بیتے گئے ہولناک المیے کی تحقیقات کی جاسکے۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں