پاکستان سے محبت کرنے والوں کے لیے بنگلہ دیش میں کوئی جگہ نہیں ہے,بنگلہ دیشی وزیر اعظم

ڈھاکہ: بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے پاکستان کے خلاف بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے اب تک محبت کرنے والے بنگلہ دیشیوں کو سزا ملنی چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈھاکہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ بنگلہ دیش کے وہ شہری جو ایک خود مختار ملک میں رہتے ہوئے اب تک پاکستان کی محبت میں مبتلا ہیں انہیں سخت سزا ملنی چاہئے۔بنگلہ دیشی وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں ایسے اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے جس سے بنگلہ دیشیوں کے دل سے پاکستان کی محبت ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے جبکہ عوام کو بھی ان لوگوں کے خلاف سخت اقدامات کرنا چاہئے جو اب تک پاکستان سے محبت کرتے ہیں، اگر اہم ایسا نہیں کریں گے تو ہمارا وجود ختم جائے گا۔شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ بنگلہ دیش اگر ناکامی کی جانب گامزن ہوگا تو اس سے پاکستان خوش ہوگا، بالکل ویسے ہی جیسے 1975ء میں بنگلہ دیش کے حکمران پاکستان کو خوش کرنا چاہتے تھے۔بنگلہ دیشی وزیر اعطم شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ اس وقت بنگلہ دیش کے حکمران نہیں چاہتے کہ بنگلہ دیش ترقی کی جانب گامزن ہو، اسی لیے وہ پاکستانی فورسز کا ایجنڈا ہم پر مسلط کررہے ہیں۔انہون نے اپنی مخالف پارٹی بی این پی کے بانی شیخ ضیاء الرحمان اور ان کی اہلیہ اور سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم خالدہ ضیاء پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان سے محبت کرتے ہیں، انہوں نے شیخ مجیب کی ہلاکت کے بعد اقتدار پر قبضہ جمانے کی کوشش کی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شیخ حسینہ واجد نے پاکستان پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ 1971ء میں بنگلہ دیش کی جیت کو پاکستان نے تسلیم نہیں کیا، پاکستان سے محبت کرنے والوں کے لیے بنگلہ دیش میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں