ایشیاء کپ: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا

پاکستان اور بنگلہ دیش

ابوظہبی: ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سپر فور مرحلے کا چھٹا اور آخری میچ آج ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا، ایونٹ میں بنگلہ دیش اور پاکستان کی ٹیمیں پہلی بار مدمقابل آرہی ہیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم 28 ستمبر کو بھارت کے خلاف فائنل کھیلے گی، دونوں ٹیموں کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

loading...

آج کے میچ میں فاسٹ بولر محمد عامر کو آرام دیے جانے کا امکان ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عامر کی جگہ جنید خان کو 11 رکنی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے دبئی پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں اور کپتان سرفراز احمد کے ساتھ الگ الگ سیشن میں بات چیت کی۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اس سے قبل دو بار آمنے سامنے آ چکی ہیں اور دونوں میچز میں بھارت فاتح رہا، اس بات کا امکان ہے کہ دونوں ٹیمیں فائنل میں ایک بار پھر مد مقابل ہوں گی۔
تاہم اس کے لیے گرین شرٹس کو آخری میچ میں بنگال ٹائیگرز کی رکاوٹ عبور کرنا ہو گی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 35 ون ڈے انٹرنیشنل میچز ہوئے جن میں پاکستان نے 31 اور بنگلہ دیش نے 4 میچز جیتے ہیں۔

Spread the love
  • 2
    Shares

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں