خواجہ سراوں کیلئے شناختی کارڈ کے اجراء کے عمل کو سادہ اور آسان بنایا جائیگا، چیف سیکرٹری پنجاب

خواجہ سراوں

لاہور:چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق خواجہ سراوں کیلئے شناختی کارڈ کے اجراء کے عمل کو سادہ اور آسان بنایا جائیگا،

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں خصوصی مراکز قائم کئے جائیں جہاں نادرا کی موبائل وین کے ذریعے ون ونڈو آپریشن کے تحت خواجہ سراؤں کو شناختی کارڈ کے اجراء کی سہولت فراہم کی جائے۔وہ یہاں سول سیکرٹریٹ میں خواجہ سراوں کیلئے شناختی کارڈ کے اجراء پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق صوبے کی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹی جبکہ اضلاع میں عملدرآمد کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ خواجہ سراوں کو مین سٹریم میں لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سراوں کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کیلئے آگاہی مہم شروع کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی شناختی کارڈز کے اجراء کے حوالے سے عملدرآمد کی رپورٹ باقاعدگی سے ارسال کی جائے۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے اجلاس کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد خواجہ سراوں کے شناختی کارڈ کے اجراء کیلئے اب تک 201 کیسسز نادرا کو بھجوائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں محکمہ سوشل ویلفیئر نے خواجہ سراوں کیلئے کمیونٹی سنٹر کے قیام کی منظوری دی ہے۔اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکر ٹریز اور متعلقہ افسران اور خوا جہ سراوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں