مولانا فضل الرحمن کی نواز شریف کے ساتھ جاتی امرا میں ملاقات

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی۔

ملکی سیاست کے تین بڑے اس وقت لاہور میں موجود ہیں جن میں آصف زرداری، نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن شامل ہیں۔ لاہور میں نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا میں مولانا فضل الرحمن کی ملاقات جاری ہے جس میں حکومت کے خلاف اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر مشاورت کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے نواز شریف کو اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کی دعوت دی ہے اور آصف زرداری سے ملاقات پر قائل کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔ ملاقات میں شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی مشاورت کی گئی۔

لاہور میں جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس بھی شروع ہوگیا ہے جس میں حکومت کے خلاف نئی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان نواز شریف سے ملاقات کے بعد اجلاس میں شریک ہوں گے۔

جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس 6 نومبر کو ہوسکتی ہے، ہمیں پوری امید ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان اے پی سی میں اتحاد ہوجائے گا۔

Spread the love
  • 1
    Share

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں