فضل الرحمن کی نواز شریف سے ملاقات، اے پی سی میں شرکت کی دعوت

loading...

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی اور انہیں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملکی سیاست کے تین بڑے اس وقت لاہور میں موجود ہیں جن میں آصف زرداری، نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن شامل ہیں جبکہ حکومت کے خلاف اپوزیشن اتحاد بنانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ لاہور میں نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا میں مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی جس میں حکومت کے خلاف اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

مولانا فضل الرحمن نے نواز شریف کو اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کی دعوت دی اور آصف زرداری سے ملاقات پر قائل کرنے کی بھی کوشش کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی مشاورت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اے پی سی کے انعقاد اور مولانا فضل الرحمن کی کوششوں سے اصولی اتفاق کیا تاہم اجلاس کا ایجنڈا واضح کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نواز شریف کی اے پی سی میں شرکت کے حوالے سے چند روز میں حتمی فیصلہ ہوگا جبکہ ان کے شرکت نہ کرنے کی صورت میں مسلم لیگ ن اپنا اعلی سطح کا وفد بھی بھیج سکتی ہے۔ اس حوالے سے دونوں جماعتیں ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گی۔

نواز شریف سے ملاقات کے بعد فضل الرحمن کی زیر سربراہی جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں حکومت کے خلاف نئی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس 6 نومبر کو ہوسکتی ہے، ہمیں قوی امید ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان اے پی سی میں اتحاد ہوجائے گا۔

Spread the love
  • 1
    Share

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں