ایک شخص نے تقریباً 1 ٹن وزنی سکوں سے لگژری کار خرید لی

سکوں

چین کے شہر تونگرن میں ایک کارڈیلر شپ پر موجود عملہ اس وقت مشکل میں پڑ گیا جب ایک شخص نے 4 لاکھ 80 ہزار یوان یا 70 ہزار ڈالر مالیت کی بی ایم ڈبلیو کی قیمت سکوں میں ادا کی ۔

کار خریدنے والا شخص، جس کا نام نہیں بتایا گیا، ایک بس ڈرائیور ہے۔ اس نےکئی سال کے دوران یہ سکے جمع کیے تھے۔ عام طور پر لوگ سکوں کو بڑی مالیت کے نوٹوں سے تبدل کرا لیتے ہیں لیکن یہ شخص سکوں کو ہی اپنے گھر میں جمع کرتا رہا۔

اسے امید تھی کہ کسی دن وہ ان سکوں کو بی ایم ڈبلیو کی خریداری پر خرچ کرے گا۔ حال ہی میں جب اس نے نئی بی ایم ڈبلیو دیکھی تو اسے خریدنے کا فیصلہ کیا۔ مشکل یہ تھی کہ اس نے اپنے پاس موجود سکوں کو کبھی گنا نہیں تھا۔
اس شخص نےاپنے دوستوں کو بلایا اور چار دن میں سکے گنے۔ اس کے بعد انہوں نے سکے کریٹ میں ڈال کر ٹرک میں لوڈ کیے اور بی ایم ڈبلیو خریدنے پہنچ گیا۔

loading...

کار ڈیلر شپ پر موجود عملے نے جب سنا کہ یہ شخص بی ایم ڈبلیو خریدنا چاہتا ہے تو وہ مسکرا دئیے۔ لیکن جب انہوں نے دیکھا کہ یہ شخص سنجیدہ ہے اور سکوں میں ادائیگی کرنا چاہتا ہے تو ان کی مسکراہٹ ختم ہوگئی۔ کار ڈیلر شپ کے عملے نے ٹرک میں لدے سکوں کے کریٹ دیکھ کر فیصلہ کیا کہ اتنے سکے گننا ان کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے اپنے بنک سے مدد مانگی۔

بنک کے 11 ملازمین اور بنک کی ہی بھیجی ہوئی سکے گننے والی مشین کی مددسے ان سکوں کو 10 گھنٹوں میں گنا گیا۔ انٹرنیٹ پر گردش کرتی ایک آن لائن ویڈیو کے مطابق ان سکوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ اور وزن 900 کلوگرام سے بھی زیادہ تھا۔

10 گھنٹے تک 11 ملازمین اور ایک مشین کا سکے گننا کافی متاثر کن لگتا ہے لیکن اس کا مقابلہ جرمنی کے ایک بنک کلرک سے نہیں کیا جا سکتا، جس نے اکیلے 6 مہینوں میں ڈھائی ٹن وزن پر مشتمل 12 لاکھ سکے گنے تھے۔
اس دوران جرمن کلرک روزمرہ کے کام بھی کرتا تھا۔ یہ 12 لاکھ سکے بھی ایک ٹرک ڈرائیور نے 30 سال میں جمع کیے تھے اور وراثت میں اپنے پسماندگان کے لیے چھوڑے تھے۔

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں