تحریک انصاف کے رابطے سندھ کی سیاست میں ہلچل

تحریک انصاف

کراچی: وزیراعظم عمران خان کی سندھ کی صورتحال پر تشویش کے اظہار کے بعد صوبے میں سیاسی ہلچل میں تیزی آگئی جب کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے رابطے بھی شروع کردیے۔

سندھ میں گورنر راج یا ان ہاؤس تبدیلی کی افواہوں کے بعد تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے سیاسی رابطے بھی شروع کردیے۔

گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین وزیراعظم نے علی گوہر مہر سے ٹیلی فون پر بات چیت کی جس کے بعد آج گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزير مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما حلیم عادل شیخ نے گھوٹکی میں ان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے اراکین رابطے کر رہے ہیں جس کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور سندھ کے عوام جلد اچھی خبر سنیں گے۔

حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ سارے آپشنز جو غیر ضروری اور غیر قانونی نہیں ہوں گے وہ سب استعمال ہوں گے۔

اس موقع پر علی گوہر مہر نے کہا کہ بات چیت چل رہی ہے، اختلافات ایشوز پر ہی ہوتے ہیں، ویسے ذاتی تعلقات بہت اچھے ہیں، سب کے ساتھ تعلق اچھا رہا، امید ہے کہ بہتری ہوگی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے اپنے ٹوئٹر بیان میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آصف علی زرداری کے بچاؤ کے لئے قبضہ مافیا، چور میدان میں آگئے ہیں اور مراد علی شاہ کا ذاتی ملازم کی طرح وفاداری دکھانا قابل شرم ہے۔

زلفی بخاری نے مزید کہا کہ قابل شرم کارکردگی کے باوجود وزیراعلیٰ سندھ آصف زرداری کے جرائم کا دفاع کررہے ہیں،بے نظیر بھٹو نے آصف زرداری کی کرپشن سے خود کو الگ کیا تھا اور مراد علی شاہ اسی شخص کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی بلاول ہاؤس پہنچے جہاں انہو ںے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق 15 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیپلزپارٹی اورنگی ٹاؤن کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی بلاول ہاؤس پہنچی اور انہوں نے بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کے حق میں نعرے لگائے۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی کل کرای پہنچيں گے  جس کے دوران وہ اتحادیوں اور ہم خیال لوگوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں