لاہور:عمران تیری جت شالا انشا اللہ انشا اللہ کے نعرے

عمران خان کالاہور کے مختلف مقامات پر رکنیت سازی کیلئے لگائے کیمپوں کا دورہ ،جشن کا سماں

لاہور:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف مقامات پر رکنیت سازی کیلئے لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کیا،عمران خان آج اتوار کو بھی پانچ مقامات پر رکنیت سازی کے لئے لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کریں گے،کارکنوں کی جانب سے عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اوران پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، اس موقع پر کارکن پارٹی ترانوں پر بھنگڑے ڈالتے رہے جبکہ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا ،پولیس کی جانب سے عمران خان کے دورہ لاہور کی مناسبت سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نجی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور پہنچے جہاں پارٹی کے مرکزی اور صوبائی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا ۔ عمران خان ائیر پورٹ سے سخت سکیورٹی میں لبرٹی چوک میں لگائے گئے خواتین کے رکنیت سازی کیمپ میں پہنچے جہاں سینئر مرکزی رہنما شیریں مزاری، رکن قومی اسمبلی منزہ حسن، ممبر ایگزیکٹو کونسل مسرت جمشید چیمہ ، ڈاکٹر نوشین حامد ، سعدیہ سہیل رانا سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیا ۔ عمران خان بعد ازاں چیئرمین سیکرٹریٹ گئے جہاں انہوں نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی ۔

اس کے بعد عمران خان نے یتیم خانہ چوک،لیاقت چوک سبزہ زار،کارپوریشن چوک سگیاں پل،شاہدرہ،جلو موڑ اور دھرمپورہ /کینال چوک میں لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کیا ۔جلو موڑ میں عمران خان کو پنجاب کی روایتی پگ بھی پہنائی گئی ۔اس موقع پر کارکن وزیر اعظم عمران خان ، کون بچائے گا پاکستان عمران خان عمران خان ، عمران تیری جت شالا انشا اللہ انشا اللہ کے نعرے بھی لگاتے رہے ۔عمران خان نے اس موقع پر عوام اور کارکنوں سے خطاب بھی کیا ۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین  یکم اپریل کو یوحنا آباد،ٹھوکر نیاز بیگ،اکبر چوک،دبئی چوک اور صدر بازارمیں لگائے جانے والے ممبر سازی کیمپوں کا دورہ کریں گے ۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں