وائٹ ہاؤس کی وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق

عمران خان

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کی تصدیق کے بعد وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے متعلق صورتحال واضح ہو گئی۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے حوالے سے مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں اور اس حوالے سے دونوں ممالک کی جانب سے کوئی واضح پالیسی بیان بھی جاری نہیں کیا گیا تھا تاہم اب وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم پاکستان کے دورہ امریکا کی تصدیق کر دی ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وزیراعظم عمران خان کا 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس آنے پر خیر مقدم کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورے میں پاک امریکا تعاون کی مزید مضبوطی توجہ کا مرکز ہو گی، پاک امریکا تعاون کا مقصد خطے میں امن و استحکام اور معاشی خوشحالی لانا ہے۔

پاکستانی بیرون ملک سفر کرتے ہوئے کتنی رقم لے کرجاسکتے ہیں؟

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اور وزیرعظم عمران خان کے درمیان انسداد دہشتگردی، دفاع، توانائی اور تجارت سے متعلق امور پر بات چیت ہو گی۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا مقصد جنوبی ایشیاء میں امن اور پاک امریکا دیرپا شراکت داری کا ماحول پیدا کرنا ہے۔

قبل ازیں وائٹ ہاؤس میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن آرٹگھس کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے دورہ کی ابھی تک تصدیق نہیں کی ہے۔

loading...

انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے حوالے سے میں نے بھی پڑھا ہے لیکن اس کی تصدیق اور ان کی ملاقات کی تفصیلات کے لیے وائٹ ہاؤس سے رابطہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا بیان

پاکستانی دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی اس حوالے سے بیان جاری کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، ہم امریکا کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں، اس حوالے سے جو بھی طے پائے گا اس کا مناسب وقت پر باقاعدہ اعلان ہو گا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم 20 جولائی کو امریکا کے دورے کے لیے روانہ ہوں گے، امریکی حکام اپنے ضوابط پورا کرنے کے بعد اس سلسلے میں اعلان کر دیں گے۔

واضح رہےکہ گزشتہ دنوں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے وزیراعظم کے دورہ امریکا کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ وزیراعظم اور ٹرمپ کی ملاقات 22 جولائی کو ہوگی۔

(Visited 8 times, 1 visits today)

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں