پاکستان کا جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ

بھارتی قیدیوں

اسلام آباد: پاکستان نے جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کرلیا گیا، قونصلر رسائی اس ماہ کے آخر تک دے دی جائے گی، پاکستانی جیلوں میں 537 بھارتی قیدی موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے علاقائی اور خطے میں پرامن ہمسائیگی کے لئے بڑا اقدام کرتے ہوئے پاکستانی جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کوقونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ طریقے سے بھارت سے بات کی اور بھارت بچگانہ حرکتیں کرتا رہا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایک سو دو بھارتی قیدیوں تک قونصلر رسائی کی اجازت دی، قیدیوں میں 100 کراچی اور 2 راولپنڈی کی جیلوں میں موجود ہیں، قونصلر رسائی اس ماہ کے آخر تک دے دی جائے گی۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی جیلوں میں 537 بھارتی قیدی موجود ہیں، امید ہے بھارت بھی 347 پاکستانی قیدیوں تک قونصلر رسائی دے گا۔ سفارتی ذرائع نے کہا کہ اقدام دونوں ممالک میں اعتماد سازی کے لئے فائدہ مند ہوگا، قونصلر رسائی دینا پاکستان کا پرامن ہمسائیگی کی جانب ایک اور قدم ہے۔

خیال رہے پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدے کے تحت سال میں دو مرتبہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ یکم جنوری کو بھارت نے پاکستانی قیدیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی تھی، آٹھ جنوری کو مزید ایک سو چھیالیس بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا تھا، پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت ایک سو پینتالیس بھارتی ماہی گیروں کو اٹھائیس دسمبر کو رہا کیا تھا۔

Spread the love

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں