لاہور میں موسلا دھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم

مون سون بارشوں لاہور

لاہور میں مسلسل 17 گھنٹے ہونے والی بارش کے باعث سڑکیں اور نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔

لاہور میں وقفے وقفے سے مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور 17 گھنٹے تک جاری رہنے والی موسلا دھار بارش نے سڑکیں، گلیاں اور نشیبی علاقوں میں ہر طرف پانی ہی پانی کردیا ہے۔

سمن آباد، گلبرگ، شاہدرہ اور شام نگر سمیت دیگر علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہے اور گاڑیاں بند ہونے سے ٹریفک جام ہے۔

شدید بارش کے باعث معمولات زندگی اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب شہر میں چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں بچی جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوئے ہیں، بچی کی ہلاکت کا واقعہ بادامی باغ کے علاقے میں پیش آیا۔

بارش سے لیسکو کے 250 سے زائد فیڈر متاثر ہوئے اور 160 فیڈرز سے شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ 35 فیڈر احتیاطی طور پر بند کیے گئے۔

لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد بجلی کی مکمل فراہمی شروع ہوجائے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ 250 ملی میٹر بارش لکشمی چوک میں ریکارڈ کی گئی، پانی والا تالاب میں 213 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارش کا یہ سلسلہ صبح تک جاری رہے گا، بدھ کو ہلکی پھلکی اور جمعرات کو پھر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

(Visited 1 times, 1 visits today)
loading...

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں