ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے بلیک لسٹ ہونے کا بھارتی پراپیگنڈا ناکام

ایف اے ٹی ایف

اسلام آباد: پاکستان کے خلاف بھارت کی ایک اور چال ناکام ہو گئی، بھارتی میڈیا پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کا جھوٹا واویلا کر رہا ہے تاہم ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسفک اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے میں پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کا ذکر تک موجود نہیں۔

ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ “ایشیا پیسیفک گروپ کی جانب سے پاکستان کو بلیک لسٹ کیے جانے کی میڈیا رپورٹس غلط اور بے بنیاد ہیں۔”

دوسری جانب ترجمان ایف اے ٹی ایف نے بھی کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسفک گروپ کی جانب سے کسی بھی ملک کو بلیک لسٹ میں شامل نہیں کیا جاتا۔

ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسیفک گروپ (اے پی جی) نے 18 سے 23 اگست تک آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں اپنے اجلاس کے دوران پاکستان کی تیسری باہمی جائزہ رپورٹ منظور کر لی۔ اے پی جی کے اعلامیے کے مطابق میٹنگ کےدوران ممبران نے 6 اہم جائزہ رپورٹس منظور کیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چین، چینی تائپے، ہانگ کانگ، پاکستان، فلپائن اور جزائر سلیمان سے متعلق رپورٹس کا دو روز تک جائزہ لیا گیا اور ان پر بحث کی گئی جب کہ اب انہیں شائع کرنے سے قبل ان کا مزید تفصیلی ریویو کیا جائے گا۔

پاکستان کے وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ سے متعلق ایشیا پیسیفک گروپ نے پاکستان کی تیسری رپورٹ منظور کی جو فروری سے اکتوبر 2018کےدورانیے پر مشتمل تھی اور اس میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی فنڈنگ کو روکنے کے لیے درکار مزید اقدامات کا ذکر تھا۔

تاہم رپورٹ میں اکتوبر 2018کے بعد کے عرصے کا احاطہ نہیں کیا گیا، جس کے دوران پاکستان نے ایف اے ٹی ایف پلان پر عمل درآمد میں کافی پیشرفت کی ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی قیادت میں اجلاس میں شریک پاکستانی وفد نے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی کیں جن میں ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر ممبران کو آگاہ کیا گیا۔

(Visited 17 times, 1 visits today)
loading...

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں